Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اسلامک بینکنگ کے تعارف اور شراب پر پابندی کے لیے تحریک

اسلامک بینکنگ کے تعارف اور شراب پر پابندی کے لیے تحریک

کل ہند بزم رحمت عالم کی مساعی کے بہتر نتائج ، ایم اے مجیب ایڈوکیٹ کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند بزم رحمت عالم کا اجلاس سنٹر فار اسلامک اسٹڈیز ، سلوروکاس کامپلکس مانصاحب ٹینک میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایم اے مجیب ایڈوکیٹ صدر کل ہند بزم رحمت عالم نے کہا کہ ہندوستان میں بلا سودی بینکنگ نظام کو متعارف کرنے کے لیے حکومت ہند اور ریزرو بنک آف انڈیا سے نمائندگی کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس لیے کہ آج نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا ایک مالی بحران سے دوچار ہے ۔ اس کا واحد حل یہی ہے کہ ملک گیر سطح پر اسلامک بینکنگ رائج ہو ۔ آپ ؐ نے سود کے لینے اور دینے کو حرام قرار دیا ۔ اس بناء پر سودی کاروبار حرام تصور کیے جاتے ہیں اور ان سودی کاروبار کی وجہ سے آج دنیا بھر میں معاشی پریشانیوں میں اضافہ ہوتے جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی افسوس کی ہے کہ جب کبھی بھی ہندوستان میں اسلامک بینکنگ کو فروغ دینے کی بات ہوتی ہے تو فوری ہندوتوا طاقتیں اس کوشش کو ناکام بنانے میں یکجٹ ہوجاتی ہے اور بلا سودی بینکنگ کی کوشش جب میں کیرالا میں کی گئی تو نام نہاد لیڈر سبرامنیم سوامی نے اسے عدالت میں چیلنج کیا ۔ اس لیے اس کا کوئی قانونی جواز ملک میں حاصل نہیں ہے کہ اسلامک بینکنگ کو ہندوستان میں فروغ دیا جاسکے ۔ ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ فوری قانونی قدم اٹھاتے ہوئے منظم طور پر اسلامک بینکنگ کو ہندوستان میں متعارف کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سود حرام ہے اسی طرح شراب کو بھی اسلام میں حرام قرار دیا گیا ۔ اس لیے شراب پر مکمل پابندی ہندوستان بھر میں عائد کی جائے ۔ بڑی افسوس کی بات یہ ہے کہ نتیش کمار جیسے ایک غیر مسلم سیاستداں شراب کی پابندی کے مہم چلاسکتے ہیں تو اس کے لیے علماء کرام و مسلم سیاستداں شراب کی پابندی پر آواز کیوں نہیں اٹھاتے ۔ کل ہند بزم رحمت عالم شراب کی مکمل پابندی کا مطالبہ حکومتوں سے کرتی ہے ۔ اس موقع پر جلسہ ہائے شب برات جو کل ہند بزم رحمت عالم کی جانب سے منایا جاتا ہے 22 مئی بعد نماز عشاء قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا ۔ اس جلسہ سے مقامی علماء کرام کے علاوہ پورنیہ ( بہار ) کے ممتاز عالم دین مولانا مفتی شہروز عالم اکرامی کا خاب ہوگا ۔ اجلاس میں کنوینر جلسہ شیراز احمد خاں ، مصطفی خاں ، کمال ، یونس ، جابر ، امانت ، اللہ شریف ، خلیل اور دوسرے کثیر تعداد میں موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT