Friday , October 20 2017
Home / ہندوستان / اسمارٹ سٹی کے بجائے اسمارٹ ولیج کی ضرورت

اسمارٹ سٹی کے بجائے اسمارٹ ولیج کی ضرورت

دیہی علاقوں کو ترقی دینا وقت کا تقاضہ، گورنر راجستھان کلیان سنگھ کا خطاب
کوٹا 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت کے فلیگ شپ اسمارٹ سٹی پراجکٹ کو غیر کارکرد اور غیر مناسب قرار دیتے ہوئے گورنر راجستھان کلیان سنگھ نے مواضعات کو اسمارٹ بنانے کی بھرپور وکالت کی۔ انھوں نے کہاکہ اسمارٹ سٹی کا تصور مناسب نہیں ہے بجائے اس کے اسمارٹ ولیج بنانے کی مہم شروع کی جائے تو اس سے  فوائد حاصل ہوں گے۔ کوٹا میں یو آئی ٹی آڈیٹوریم میں راجستھان ٹکنیکل یونیورسٹی کے 6 ویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کلیان سنگھ نے کہاکہ مواضعات کو اسمارٹ بنایا جائے۔ شہروں کو نہیں۔ ملک کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لئے مواضعات کو بہتر بنایا جانا چاہئے۔ کلیان سنگھ نے کہاکہ مواضعات میں ہی اصل قوم بستی ہے لہذا دیہی علاقوں کی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ صرف شہروں کو ترقی دینے سے ترقی نہیں ہوگی۔ کلیان سنگھ جو قبل ازیں بی جے پی کے ساتھ تھے کہاکہ وہ خود دیہات سے تعلق رکھتے ہیں اور دیہی علاقوں میں غریب عوام کیلئے اچھا انفراسٹرکچر موجود نہیں ہوتا۔ پینے کے پانی، برقی اور سڑکوں یعنی بنیادی سہولتوں کی کمی کے باعث دیہی عوام ترقی کے ثمرات سے محروم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انھوں نے حال میں ریاستی چیف سکریٹری سے کہا تھا کہ وہ ترقیاتی پراجکٹس اور سرکاری اسکیمات کو دیہی علاقوں کی طرف مرکوز کریں تاکہ مواضعات اسمارٹ بنایا جاسکے۔ انھوں نے یونیورسٹی میں طالبات کے شاندار مظاہروں پر اظہار مسرت کیا اور کہاکہ ان لڑکیوں نے زیادہ سے زیادہ مڈلس اور ڈگریاں حاصل کی ہیں جبکہ لڑکوں کو بھی سخت محنت کرکے تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
کشمیر میں انکاؤنٹر تین عسکریت پسند ہلاک
سرینگر 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں فوج کے ساتھ تصادم میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ فوج نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ شمالی کشمیر میں ایک اور عسکریت پسند سکیوریٹی فورسیس کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا ۔ ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ سکیوریٹی فورسیس کو انکاؤنٹر کے مقام سے تین اے کے 47 رائفلیں بھی دستیاب ہوئیں۔ کہا گیا ہے کہ کپواڑہ ضلع کے لولب علاقہ میں ایک تلاشی مہم شروع کی گئی تھی ۔ دوران تلاشی سکیوریٹی فورسیس پر فائرنگ کی گئی ۔ فورسیس کی جوابی فائرنگ میں عسکریت پسند مارے گئے ۔

TOPPOPULARRECENT