Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی اجلاس کا 16 ڈسمبر سے آغاز

اسمبلی اجلاس کا 16 ڈسمبر سے آغاز

حیدرآباد ۔ 7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کا سرمائی اجلاس 16 ڈسمبر سے شروع ہوگا۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں آج فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اسمبلی اجلاس کی طلبی کیلئے گورنر سے درخواست کرتے ہوئے فائل روانہ کردی ہے۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں اسمبلی اجلاس کی طلبی کے بارے میں وزراء اور عہدیداروں سے مشاورت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف  منسٹر کڈیم سری ہری ، ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، ہریش راؤ ، پوچارام سرینواس ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ ، اسمبلی کے سکریٹری راجہ سدارام ، اسمبلی میں گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور ، قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 ڈسمبر کو 11.30 بجے دن اسمبلی اسپیکر مدھو سدن چاری کے پاس بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اسمبلی کے ایجنڈہ کو قطعیت دی جائے گی ۔ 10 ڈسمبر 3 بجے دن ریاستی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ، چیف منسٹر کی صدارت میں یہ اجلاس سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا ۔ 14 ڈسمبر کو ضلع کلکٹرس کی کانفرنس پرگتی بھون میں طلب کی گئی ہے۔ ریاستی وزراء تمام محکمہ جات کے سکریٹریز اور ضلع کلکٹرس کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسمبلی اور کونسل کے لئے حکومت کی حکمت عملی طئے کرنے 15 ڈسمبر کو ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس پرگتی بھون میں طلب کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 ڈسمبر کو عیسائی برادری میں کرسمس تہوار کے سلسلہ میں کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ چونکہ 16 ڈسمبر سے اسمبلی اجلاس شروع ہورہا ہے ، لہذا حکومت کی جانب سے 18 ڈسمبر کو کرسمس تقاریب منانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں مستحق عیسائی خاندانوں میں کپڑے تقسیم کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسمبلی اجلاس کی طلبی کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی اور کونسل نے گزشتہ دنوں احاطہ اسمبلی میں دھرنا منظم کیا۔ جن حالات میں اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا، امکان ہے کہ یہ اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہوگا۔ اپوزیشن کے الزامات کا موثر جواب دینے کیلئے لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں حکمت عملی طئے کی جائے گی جبکہ کابینہ کے اجلاس میں اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بلز کو قطعیت دی جاسکتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT