Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / اسمبلی انتخابات کے دوران امن متاثر کرنے کی کوششوں کا اندیشہ

اسمبلی انتخابات کے دوران امن متاثر کرنے کی کوششوں کا اندیشہ

آئی ایس سے متاثر 67 افراد گرفتار ۔ سکھ دہشت گردی میں اضافہ ۔ ڈی جی پیز کانفرنس سے راج ناتھ سنگھ کا خطاب

حیدرآباد 25 نومبر ( پی ٹی آئی ) پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ملک کی سکیوریٹی فورسیس سے کہا کہ وہ اندرون ملک شیطانی سیاسی مہم سے یا پھر بیرونی تخریب کار طاقتوں کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران امن کو متاثر کرنے کی کوششوں کے خلاف چوکس رہیں۔ انہوں نے ریاستوں کے ڈائرکٹرس جنرل پولیس و انسپکٹرس جنرل پولیس کی سہ روزہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کچھ ریاستوں میں بہت جلد منعقد ہونگے اور یہ پولیس سربراہان کی ذمہ د اری ہے کہ وہ انتخابی عمل کی پرسکون و پرامن تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںبیرونی تخریب کار عناصر کے خلاف سخت چوکسی برتنے کی ضرورت ہے جو ہوسکتا ہے کہ پنجاب میں ماحول خراب کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں سکھ دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اسی طرح منی پور میں ہم کو نسلی تقسیم کو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اترپردیش میں بھی نامناسب سیاسی مہم کے ذریعہ ماحول کو خراب کرنے کی کوششیں ہوسکتی ہیں۔ ہمیں اس کے خلاف سخت چوکسی برتنے اور انتخابات کے دوران امن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ پنجاب ‘ اتر پردیش ‘ اترکھنڈ ‘ منی پور اور گوا میں آئندہ سال کے اوائل میںانتخابات ہونے والے ہیں۔ یہ کانفرنس یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں منعقد ہو رہی ہے اور اس میں مختلف ریاستوں کے 100 ڈائرکٹرس جنرل پولیس و انسپکٹرس جنرل پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستوں کے سربراہان بھی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے خود کو باغیانہ خیالات سے ہم آہنگ کرنے اور شخصی حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی اور مخالف ہند سرگرمیوں کو پاکستان کی مدد میں کسی طرح کی کمی نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارا پڑوسی ملک شمال مشرقی علاقوں میں عوام کو اکسا رہا ہے اور مخالف ہند سرگرمیوں کی ترغیب دے رہا ہے ۔ دہشت گردوں کو تربیت دی جا رہی ہے اور انہیں دہشت گردانہ حملوں کیلئے ہندوستان بھیجا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT