Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اسمبلی گیٹ پھلانگ کر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج وائی ایس آر کانگریس ارکان کا احتجاجی دھرنا

اسمبلی گیٹ پھلانگ کر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج وائی ایس آر کانگریس ارکان کا احتجاجی دھرنا

حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) اسمبلی کے احاطے میں آج ہائی ڈرامہ پیش آیا وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی نے قفل توڑ کر اور گیٹ پھلانگتے ہوئے مجسمہ ڈاکٹر امبیڈکر کو پھول مالا پہناتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ قائد اپوزیشن آندھراپردیش و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے دلیری کا مظاہرہ کرنے والے ارکان اسمبلی کو شاباشی دی ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر امبیڈکر پر مباحث کیلئے تعاون نا کرنے پر وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی کو معطل کیا گیا تھا ۔ جس کے خلاف بطور احتجاج قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی نے احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ جگن موہن ریڈی نے اسمبلی کے احاطے میں موجود مجسمہ امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی جس کو پولیس نے یہ کہتے ہوئے روک دیا کہ اسکی اجازت نہیں ہے ۔ جس پر جگن موہن ریڈی اور پولیس کے درمیان لفظی جھڑپ ہوگئی اور تناؤ کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ اسی اثناء وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی مصطفی کوڈالی نانی ، انیل کمار یادو سرینواسلو کے علاوہ دوسرے ارکان اسمبلی نے گیٹ کو لگائے گئے کفل کو توڑ دیا اور چند ارکان گیٹ کو پھلانگتے ہوئے اندر داخل ہوئے مجسمہ امبیڈکر کو پھول مالا پہناتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس واقعہ سے اسمبلی کے احاطہ میں ماحول گرماگرم ہوگیا اور پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی نے دلیری کا مظاہر کرتے ہوئے پولیس کے محاصرہ کو توڑ کر گیٹ پھلانگنے والے ارکان اسمبلی کو شاباشی دی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT