Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسٹوکس تنازعہ پر کوئی تاسف نہیں : اسمتھ

اسٹوکس تنازعہ پر کوئی تاسف نہیں : اسمتھ

لندن 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ونڈے کے دوران انگلش بلے باز بین اسٹوک کے متنازعہ آوٹ ہونے پر کسی تاسف کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ کل کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو 64 رنوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2 – 0 سے سبقت حاصل کرلی ہے ۔ تاہم یہ کامیابی بین اسٹوکس کے متنازعہ انداز میں آوٹ ہونے کی وجہ سے پس منظر میں چلی گئی ۔ 26 ویں اوور میں بین اسٹوکس نے ایک اسٹریٹ ڈرائیو کی اور اسے بولر مچل اسٹارک نے روک لیا ۔ اسٹارک نے اسے اسٹوکس کی وکٹ کی سمت پھینکا تاہم اسٹوکس واپس پلٹنے کی کوشش میں گیند کی لائین میں آگئے ۔ اس وقت آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ان پر ایسا عمدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپیل کی ۔ آن فیلڈ امپائروں کمار دھرما سینا اور ٹم رابنسن نے یہ معاملہ تیسرے امپائر سے رجوع کیا جنہوں نے اسٹوکس کو 10 کے انفرادی اسکور پر آوٹ قرار دیا ۔ کہا جا رہا ہے کہ اسمتھ کو اس وقت اپنی اپیل سے دستبرداری اختیار کرلینی چاہئے تھی ۔ تاہم اسمتھ کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی ۔ انہوں نے وکٹ کیپر میتھیو ویڈ سے مشاورت کے بعد یہ اپیل کی تھی ۔ اسٹمپس کے پیچھے سے واضح نظر آتا ہے ۔ اسمتھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے حساب سے جو دیکھا تھا اسی کے مطابق اپیل کی تھی اور انہیں اس میں کوئی غلطی نظر نہیں آتی ۔

TOPPOPULARRECENT