Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسٹوکس کی جارحانہ ڈبل سنچری، انگلینڈ 629 رنزپر ڈِکلیر

اسٹوکس کی جارحانہ ڈبل سنچری، انگلینڈ 629 رنزپر ڈِکلیر

کیپ ٹاؤن (جنوبی افریقہ)۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کیپ ٹاؤن میں جاری سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلش آل راؤنڈر بین ا سٹوکس کی جارحانہ اننگز کے بعد اب جنوبی افریقہ کو آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کے 629 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم نے تادم تحریر چائے کے وقفے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے تھے۔آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقی کھلاڑی وین زل تھے جو رن آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل ا سٹوکس کی ڈبل سنچری اور جونی بیرسٹو کی سنچری کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم ایک بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔چائے کے وقفے سے کچھ دیر قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 629 رنز بنا کر ڈکلیر کر دی۔آل راؤنڈر بین ا سٹوکس اور جونی بیرسٹو نے اتوار کو اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز سے شروع کی اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں مزید 305 رنز کا اضافہ کر ڈالا۔ان دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 399 رنز کی شراکت ہوئی اور انھوں نے فی اوور 7 رنز سے زیادہ کی اوسط سے اسکور کیا۔اس دوران ا سٹوکس انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔انھوں نے 11 چھکوں اور 30 چوکوں کی مدد سے 198 گیندوں پر 258 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کسی بھی ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔اسٹوکس کا ساتھ دینے والے جونی بیرسٹو نے 18 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے۔ ان کے 150 رنز مکمل ہوتے ہی کپتان کک نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے زخمی فاسٹ بولر ڈیل سٹین کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے نوجوان فاسٹ بولر کاغیزو ربادا نے تین جبکہ مورس اور مورکل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ ڈربن میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ زخم کے باعث نہیں کھیل پائے تھے۔واضح رہے کہ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔اس سے قبل ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے جنوبی افریقہ کو 241 رنز سے شکست دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT