Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / اسٹیٹ لیول جوڈیشیل آفیسرس کانفرنس کا آج آغاز

اسٹیٹ لیول جوڈیشیل آفیسرس کانفرنس کا آج آغاز

رجسٹرار جنرل حیدرآباد ہائیکورٹ سی ایچ مندیندر ناتھ رائے کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔18 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی سطح کے افسران عدلیہ کی دو روزہ کانفرنس کا کل شہر میں آغاز ہوگا جس میں سپریم کورٹ کے ججس اور کئی ماہر قانون شرکت کریں گے۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے رجسٹرار جنرل حیدرآباد ہائی کورٹ مسٹر سی ایچ مندیندر ناتھ رائے نے بتایا کہ ہوٹل میریٹ میں 19 اور 20 مارچ کو ’’جوڈشیل آفیسرس کانفرنس ‘‘ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ ریاستوں میں زیر التوا مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کی جاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کارگزار چیف جسٹس حیدرآباد ہائی کورٹ جسٹس بابا صاحب بھوسلے کی قیادت میں یہ کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس بابا صاحب بھوسلے حیدرآباد ہائی کورٹ کی ذمہ داری حاصل کرنے کے بعد دونوں ریاستوں میں زیر التوا سینکڑوں مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی اور عوام کو جلد انصاف رسانی کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ مسٹر رائے نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس کے اس اقدام سے دونوں ریاستوں میں زیر التوا مقدمات میں بے حد کمی ہوئی ہے۔ بڑے پیمانے پر زیر التوا مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے مقصد سے جوڈشیل آفیسرس کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں سپریم کورٹ کے سینئر ججس جسٹس انیل آر داوے، جسٹس دیپک مشرا، جسٹس این وی رمنا اور جسٹس چلمیشور شرکت کریں گے۔ سپریم کورٹ کے ججس کے علاوہ ریاستی ہائی کورٹ کے ججس اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے 900 سے زائد جوڈشیل آفیسرس سے راست طورپر تبادلہ خیال کریں گے اور ایک دن میں تین سیشنس کے ذریعہ عاجلانہ یکسوئی کے لئے موثر اقدامات سے واقف کروائیں گے۔ رجسٹرار جنرل نے بتایا کہ 10 سال کے طویل عرصہ کے بعد اس کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ چوں کہ سال 2006ء میں منعقدہ کانفرنس کے بعد کچھ ناگزیر وجوہات کے سبب کانفرنس کا فوری انعقاد نہیں کیا جاسکا۔انہوں نے بتایا کہ کارگزار چیف جسٹس نے حیدرآباد ہائی کورٹ میں انفرمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے عوام اور وکلاء کے لئے کئی اینڈرائڈ فون اپلیکیشنس متعارف کروائے ہیں جس کے تحت مقدمہ کی تفصیلات حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وکلاء کے لئے ایس ایم ایس کی سہولت اور ریکارڈس کو ڈجٹلائز کیا گیا ہے

TOPPOPULARRECENT