Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسٹیڈیم میں مشتبہ پیکٹ معمول کا آلہ نکلا : مانچسٹر پولیس

اسٹیڈیم میں مشتبہ پیکٹ معمول کا آلہ نکلا : مانچسٹر پولیس

لندن ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹیڈیم سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ تربیت میں استعمال ہونے والا آلہ تھا۔ مانچسٹر میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس مشتبہ پیکٹ کو دھماکے سے تلف کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اس پیکٹ سے دھماکہ نہیں ہوسکتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خانگی کمپنی چہارشنبہ کی تربیتی مشق کے بعد یہ آلہ اتفاقی طور پر اسٹیڈیم میں بھول گئی۔ انگلش پریمیئر لیگ کا میچ اب دوبارہ منگل کو کھیلا جائے گا۔ گریٹر مانچسٹر کے میئر اور پولیس کمشنر نے کہا ہے کہ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور وہ فوری تحقیقات چاہتے ہیں کہ یہ کیسے اور کیوں کر ہوا اور اس کا ذمہ دار کون ہے۔ پیکٹ ملنے کی وجہ سے انگلش پریمیئر لیگ کے آخری دن مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورن متھ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹرافورڈ اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہونا تھا لیکن پہلے اس کے آغاز میں تاخیر کا اعلان کیا گیا اور پھر اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ کی منسوخی کا فیصلہ پولیس کے مشورے پر کیا گیا۔ میچ سے قبل وارم اپ کیلئے کھلاڑی میدان پر آ گئے تھے تاہم دو بج کر 40 منٹ پر ’آپریشن ریڈ کوڈ‘ الرٹ جاری ہونے کے بعد وہ بھی واپس چلے گئے۔ کھیل کے آغاز سے قبل ہی میدان میں ایک مشتبہ پیکٹ کی موجودگی کی اطلاعات پر سر ایلکس فرگوسن اسٹانڈ اور اسٹریٹفرڈ اینڈ اسٹانڈ کو تماشائیوں سے خالی کروا لیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT