Sunday , July 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسپورٹس کو زندگی کا اٹوٹ حصہ بنانے کی ضرورت

اسپورٹس کو زندگی کا اٹوٹ حصہ بنانے کی ضرورت

اسکولی نصاب میں اسپورٹس کی شمولیت کے اقدامات : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ اسپورٹس کو ہر کسی کی زندگی کا ایک لازمی حصہ ہونا چاہئے اور مرکزی حکومت، اسپورٹس کو اسکولی نصاب میں شامل کرنے کے عمل میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے روایتی کھیلوں جیسے کبڈی اور کھوکھو کے فروغ کی مساعی کرے گی۔ آئندہ اولمپک کھیلوں کیلئے وزیراعظم کی طرف سے تشکیل شدہ ٹاسک فورس کی مطابقت میں ایک روڈ میاپ بھی تیار کرے گی۔ وینکیا نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی کے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ کا تذکرہ کیا جس میں انہوں نے اسپورٹس کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ نائیڈو نے کہا کہ نوجوانوں کو اسپورٹس میں حصہ لینے کیلئے متحرک کیا جانا چاہئے تاکہ وہ اسکولوں میں اسپورٹس سرگرمیوں سے وابستہ ہوسکیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ اسپورٹس سے ذہنی و جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے اور ٹیم کے جذبہ کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ اسپورٹس شخصیات پر بنائی جانے والی فلمیں، نوجوانوں کو اسپورٹس کی طرف راغب کرنے میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔ وراناسی کو اسمارٹ شہر کے طور پر فروغ دیئے جانے پر وینکیا نائیڈو نے عوام سے تعاون طلب کیا اور کہا کہ تبدیلی لانے کی کوششوں میں اس رجحان سے کوئی مدد نہیں مل سکے گی کہ حکومت ہی سب کچھ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ پراجیکٹوں کے لئے اسمارٹ انتظامیہ، اسمارٹ انفراسٹرکچر اور ایسے اسمارٹ افراد کی ضرورت بھی ہوتی ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ ترقی کے اس عمل میں وہ بھی برابر کے ساجھیدار ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT