Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / اسکارٹ سرویس کے 240 ویب سائٹس پر پابندی

اسکارٹ سرویس کے 240 ویب سائٹس پر پابندی

حکومت کے احکامات پر انٹرنیٹ پراویڈرس کا اعتراض
نئی دہلی ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزارت داخلہ کے تحت ماہرین کمیٹی کی سفارش پر حکومت نے اسکارٹ سرویس پیش کرنے والے 240 ویب سائٹس پر پابندی عائد کردی ہے ۔ وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ماہرین کمیٹی کی سفارش پر 240 ویب سائٹس بند کردینے کے لیے انٹرنیٹ سرویس پراویڈرس کو حکم جاری کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی طریقہ کار کے مطابق کوئی بھی شخص یا پارٹی ماہرین کمیٹی سے شکایت یا نمائندگی کرسکتا ہے ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کی جائے گی ۔ تاہم آئی ٹی صنعت کے ذرائع نے اس اقدام کا اعتراض کیا کہ اسے بے سمت قرار دیا ۔ انٹرنیٹ سرویس پراویڈر کے ایک اکزیکٹیو نے بتایا کہ تمام ویب سائٹس کے مواد کو ہٹایا نہیں جاسکتا اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں حقائق کا جائزہ لیے بغیر ہی احکامات جاری کردئیے گئے ہیں کیوں کہ ویب سائٹ کا نام اور رابطہ میں خفیف سی تبدیلی کر کے دوبارہ احیاء کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مخرب اخلاق ویب سائٹ پر موبائل نمبر پایا جاتا ہے جس کے ذریعہ مجرمین کا پتہ چلاکر ممنوعہ سرگرمیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض ویب سائٹس کسی دوسرے مقام سے چلائے جاتے ہیں لیکن رابطہ ممبئی سے رہتا ہے ۔ انٹرنیٹ سرویس پروایڈر کے اکزیکٹیو نے کہا کہ حکومت کو اخبارات میں اسکارٹ کے اشتہارات پر پابندی لگادینی چاہئے ۔ بصورت دیگر مسئلہ کو حل کرنے میں یہ نیم دلانہ اقدامات ہوں گے کیوں کہ صرف ہندوستانی ویب سائٹس کو بند کردینے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT