Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / اسکراپ گودام میں سلنڈر دھماکہ، ایک ہلاک

اسکراپ گودام میں سلنڈر دھماکہ، ایک ہلاک

حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ کاروان ترکا پلی میں پیش آئے ایک واقعہ میں اسکراپ گودام میں گیس سلینڈر کے پھٹ پڑنے سے ایک ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب 55 سالہ راما کرشنا عرف ونود اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جسے پولیس کلثوم پورہ نے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا جبکہ اشوک، راجو اور چھوٹو بھی اس حادثہ میں زخمی ہوگئے۔ کاروان کلثوم پورہ کے علاقہ ترکاپلی میں ایس بی اے گارڈن فنکشن ہال کے روبرو واقع اسکراپ گودام دو سال قبل قائم کیا گیا تھا اور اس گودام میں 4 مزدور کام کررہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ انسپکٹر کلثوم پورہ مسٹر رام موہن نے بتایا کہ اسکراپ گودام میں کام کرنے والے مزدور روزانہ آہنی اشیاء اور دیگر اشیاء کو علحدہ کرکے اسے گودام میں اکٹھا کرتے ہیں اسی دوران آج 11:30 بجے دن ایک چھوٹے سے گیس سلینڈر کو کھولنے کے دوران دھماکہ ہونے کے سبب چاروں مزدور زد میں آگئے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ سلینڈر کا سائیز بالکل چھوٹا تھا جسے ریفریجریٹر سے نکالا گیا تھا اور اس سلینڈر کے کاپرکا کور نکالنے کے دوران دھماکہ پیش آیا۔ مقامی عوام نے اس واقعہ کے بعد پولیس کلثوم پورہ کو آگاہ کیا اور پولیس فوری جائے حادثہ پر پہنچ کر شدید زخمی راما کرشنا اور دیگر تین کو بذریعہ 108 ایمبولنس دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا۔ اسی دوران سٹی پولیس کا سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم بھی وہاں پہنچ گئے اور مقام حادثہ سے نمونے حاصل کئے۔ پولیس نے اس واقعہ سے متعلق ایک مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

TOPPOPULARRECENT