Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اسکولی طلبہ کو حصول اعلیٰ تعلیم کیلئے سخت محنت کرنے کی تلقین

اسکولی طلبہ کو حصول اعلیٰ تعلیم کیلئے سخت محنت کرنے کی تلقین

گورنمنٹ اسکول خواجہ گوڑہ میں نوٹ بکس کی تقسیم، محمد عبدالعلیم اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد 27 ڈسمبر (راست) جناب محمد اشفاق راشد صدر مدرس گورنمنٹ پرائمری اسکول خواجہ نگر و جنرل سکریٹری ٹی ٹی یو بہادر پورہ منڈل کی صدارت میں جلسہ تقسیم نوٹ بُکس منعقد کیا گیا جس میں مسٹر بی ست نارائن ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس بہادر پورہ مہمان خصوصی اور جناب محمد عبدالعلیم صدر ٹی ٹی یو (تلنگانہ ٹیچرس یونین) ضلع حیدرآباد نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز جویریہ بیگم طالبہ جماعت چہارم کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد اظہر احمد صدر ٹی ٹی یو بہادر پورہ منڈل نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ جناب محمد اشفاق راشد نے اسکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ایک بند اسکول کو دوبارہ کشادہ کرتے ہوئے طالبہ کی تعداد کو بڑھاتے ہوئے پانچ جائیدادیں حاصل کئے گئے۔ انھوں نے جناب محمد الیاس، فاروقی شیخ، موظف صدر مدرس کا شکریہ ادا کیا۔ جناب رشید الزماں صدر مدرس گورنمنٹ پرائمری اسکول، معاون صدر ٹی ٹی یو ضلع حیدرآباد نے اسٹاف اور صدر مدرس کو سالانہ جلسہ تقسیم نوٹ بُکس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ جناب محمد اظہر احمد اسکول کے نظم و ضبط اور معیار کی ستائش کی۔ مسٹر بی ست نارائن ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس بہادر پورہ منڈل نے اسکول کی کارکردگی پر خوشنودی کا اظہار کیا۔ جناب محمد عبدالعلیم نے اسکول کو ایک چمن اور طلبہ کو پھولوں سے تعبیر کیا اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ سخت محنت کو اپنا شعار بنائیں اور تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر اعلیٰ عہدے حاصل کریں۔ جناب فاروق طاہر فینانس سکریٹری ٹی ٹی یو ضلع حیدرآباد نے کہاکہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے سخت محنت درکار ہوتی ہے۔ جس کے لئے طلبہ کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ اپنے آپ کو تیار رکھیں۔ اس موقع پر مسٹر ست نارائن، جناب محمد عبدالعلیم کو تہنیت پیش کی گئی اور اساتذہ میں انعامات کی تقسیم بھی عمل میں آئی۔

TOPPOPULARRECENT