Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / اس سال وجئے دشمی کی خاص اہمیت : مودی

اس سال وجئے دشمی کی خاص اہمیت : مودی

نئی دہلی۔ 9 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اس سال وجئے دشمی ملک کیلئے ’’خاص اہمیت‘‘ کی حامل ہے۔ انہوں نے ایل او سی کے اس پار دہشت گردی کے اڈوں پر فوج کے سرجیکل حملوں کے پس منظر میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طاقتور ملک کیلئے انتہائی باصلاحیت مسلح افواج کا ہونا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے وگیان بھون میں شرکاء کی تالیوں کی گونج میں کہا کہ اس بار ہم وجئے دشمی کا جشن منائیں گے کیونکہ ملک کیلئے یہ خاص اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عوام کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سابق جن سنگھ سربراہ دین دیال اپادھیائے کی زندگی اور ان کی تعلیمات پر مشتمل 15 کتابوں کی رسم اجراء انجام دی۔ بی جے پی دین دیال اپادھیائے کی صد سالہ پیدائش تقاریب منا رہی ہے۔ مودی نے کہا کہ اپادھیائے کا سب سے اہم کارنامہ تنظیمی بنیاد پر سیاسی پارٹی کا تصور ہے۔ انہوں نے ایسی سیاسی تنظیم کی حمایت نہیں کی جو چند انفرادی شخصیتوں کی آلہ کار ہے۔ اپادھیائے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ایک طاقتور ملک کیلئے طاقتور فوج کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت ہونی چاہئے۔

مودی کی آمد سے قبل لکھنؤ قلعہ میں تبدیل
لکھنؤ ۔9 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت دسہرہ منانے 11اکتوبر کو اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ آ رہے وزیر اعظم نریندر مودی کی حفاظت کے پیش نظر وسیع پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں۔تقریبا ایک گھنٹے کے قیام کے دوران مسٹر مودی عیش باغ رام لیلا میدان پر مذہبی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ سیکورٹی کے لحاظ سے اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے جوانوں نے میدان کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔ سیکورٹی فورس گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔ وزیر اعظم کے دورے کے لئے سیکورٹی فورسز آج شام مشق کریں گی۔ یہاں خاص بات یہ ہے کہ مسٹر مودی کی آمد اور روانگی کے وقت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریہرسل کو انجام دیا جائے گا۔محرم سے عین ایک دن قبل وجے دشمی تہوار پر مسٹر مودی کی آمد کی وجہ سے سیکورٹی فورس انتہائی محتاط ہیں۔ لکھنؤ میں محرم کے جلوس کے دوران گزشتہ چند برسوں کے دوران ہوئی چھوٹی موٹی وارداتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے سیکورٹی فورس کوئی خطرہ اٹھانا نہیں چاہتی۔

TOPPOPULARRECENT