Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / اشون نے یاسر شاہ سے پہلا مقام چھین لیا‘روٹ کی پیشقدمی

اشون نے یاسر شاہ سے پہلا مقام چھین لیا‘روٹ کی پیشقدمی

دبئی ۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار سنچری اور بولنگ میں مین آف دی میچ کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون ٹسٹ کرکٹ میں نئے نمبر ایک بولر بن گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ  میں ایک وکٹ کے عوض 266 رنز دینے والے یاسر شاہ کواس انتہائی ناقص کارکردگی کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے اور وہ آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔لارڈز ٹسٹ میں دس وکٹیں لینے کے بعد یاسر شاہ عالمی درجہ بندی میں ترقی کرتے ہوئے پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے لیکن اولڈ ٹریفورڈ میں 266 رنز کے عوض محض ایک وکٹ کے حصول کے سبب لیگ اسپنر چار درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ان سے اشون نے پہلا مقام چھین لیا ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف مین آف دی میچ کا مظاہرہ کیا ہے۔دلچسپی حقیقت یہ ہیکہ یاسر محض آٹھ دن تک اس منصب پر فائز رہے اور دوسرے ٹسٹ میچ کے اختتام کے ساتھ ہی انہیں اس اعزاز سے ہاتھ دھونا پڑا۔ہندوستانی اسپنر روی چندرہ اشون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سات وکٹیں لینے کا انعام عالمی نمبر ایک باؤلر بننے کی صورت میں ملا ہے جبکہ جیمز اینڈرسن بھی ایک درجہ ترقی پاکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔یاسر کی تنزلی کے سبب اسٹورٹ براڈ اور ڈیل اسٹین فی کس ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے بالترتیب تیسرے اور چوتھے مقام  پر پہنچ گئے ہیں۔ آئی سی سی کی ٹسٹ بولروں کی درجہ بندی میں  چھٹے سے دسویں نمبر تک مزید کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ بیٹسیمنوں میں اسٹیون اسمتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں لیکن اولڈ ٹریفورڈ میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے جو روٹ دو درجہ ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور اسی وجہ سے کین ولیمسن تیسرے اور ہاشم آملا چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ مصباح الحق بھی ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ یونس خان چار درجے نیچے جا کر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلش کپتان السٹر کک کو بھی عمدہ کارکردگی کا انعام ملا ہے اور وہ چار درجے ترقی پا کر نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے ویراٹ کوہلی دو درجہ ترقی پا کر 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ اسد شفیق مایوس کن کارکردگی کے بعد دو درجہ نیچے چلے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT