Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / اشون کیخلاف باونڈریز سے لطف اندوز ہوا:فخر

اشون کیخلاف باونڈریز سے لطف اندوز ہوا:فخر

لاہور۔20 جون(سیاست ڈاٹ کام )چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ونڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کرنے والے فخر زمان پشاور ایر پورٹ پہنچے تو مداحوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی۔کرکٹ شائقین نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اس دوران نعرے لگائے گئے۔فخر زمان پشاور ایرپورٹ سے خاندان کے ہمراہ آبائی علاقے کتلنگ پہنچے جہاں اہل علاقہ اور اہل خانہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔فائنل میں اپنی عمدہ بیٹنگ سے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کامیابی حاصل ہوئی اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، عوام کو عید کا اس سے بہتر تحفہ نہیں مل سکتا۔فخر نے کہا کہ ہر میچ سے پہلے اجلاس ہوتا تھا جبکہ کوچ اور کپتان کہتے تھے کہ ہرمیچ کو فائنل سمجھ کر کھیلنا ہے۔فخر زمان نے مزید کہا کہ انہیں ہندوستانی بولر اشون کی گیندوں پر باؤنڈری لگا کر بہت مزہ آیا جبکہ ان کا خواب تھا کہ وہ فائنل میں ہندوستان کے خلاف سنچری اسکور کریں۔ فائنل سے پہلے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ جارحانہ کھیل پیش کریں گے۔دوسری جانب نوجوان کھلاڑی شاداب خان، عماد وسیم اور جنید خان اسلام آباد پہنچے جہاں ایرپورٹ پر پولیس کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعد ازاں عماد وسیم نے میڈیا سے گفتگو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اپنے لئے نہیں ٹیم کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں، سب سے پہلی کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم جیتے۔کپتان سرفراز احمد پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرفراز بہت اچھے کپتان ہیں میں ان کے ساتھ 10سال سے کھیل رہا ہوں۔تاہم صحافیوں کی جانب سے عامر سہیل کے بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

TOPPOPULARRECENT