Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / اشون کی جارحانہ بولنگ ، ہندوستان کو جنوبی افریقہ پر سبقت

اشون کی جارحانہ بولنگ ، ہندوستان کو جنوبی افریقہ پر سبقت

پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن ، مہمان ٹیم 184 پر آؤٹ ، دوسری اننگز میں میزبانوں کا اسکور 125/2

موہالی ۔ 6 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) روی چندرن اشون نے اپنی جارحانہ بولنگ کے ذریعہ محض 51 رن کے عوض پانچ وکٹ حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اپنی حریف جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن پہلی اننگز میں معمولی سبقت دلائی ۔ بعد ازاں میزبان بیٹسمین نے دوسری اننگز میں اپنے موقف کو بڑی حد تک مستحکم بنالیا ۔ اشون کے پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو 17 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی اور آج کے کھیل کے اختتام تک 142 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ۔ ہندوستان کا اسکور 125/2 رہا جس میں چتیشور پجارا کے 63 اور ویراٹ کوہلی کے 11 رنز بھی شامل ہیں۔ دوسرے وکٹ کی ساجھیداری میں مرلی وجئے اور پجارا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86 رنز کا اضافہ کیا ۔ قبل ازیں شکھر دھون لگاتار دوسری مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوگئے ۔ کھیل کے آخری نصف گھنٹہ میں عمران طاہر نے مرلی وجئے کو آؤٹ کیا۔ مرلی نے 105 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 47 رنز بنائے تھے ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنے ایک اہم پیس بولر ڈیل اسٹین کی غیرحاضری کو شدت سے محسوس کیا جو کولھے میں درد کے سبب بطور احتیاط آرام کررہے ہیں۔ کپتان ہاشم آملہ آج کھیل کے آخری مرحلہ میں پیس اور اسپین پر طبع آزمائی کرتے رہے

لیکن آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں وجئے اور پجارا نے ان کے حملوں کا موثر جواب دیا ۔ شکھر دھون پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹس ہوگئے۔ عمران طاہر نے مہمان ٹیم کو شدت سے مطلوب ایک وکٹ دلانے میں کامیابی حاصل کی اور اپنے لئے خطرہ بننے والے مرلی وجئے کو پویلین بھیج دیا ۔ متبادل فیلڈر کے طورپر کھیلنے والے یئبما بواما نے شاندار کلاٹی مارتے ہوئے مرلی وجئے کا کیچ لیا جبکہ وہ ( وجئے) اپنے 12 ویں ٹسٹ میں 1000 رن مکمل کرچکے تھے اور اس مرحلہ پر مطلوب نصف سنچری مکمل کرنے کیلئے اُنھیں صرف تین رن درکار تھے ۔ پجارا نے اپنی ساتویں ٹسٹ نصف سنچری بنائی اور آج کے کھیل کے آخری اوور میں طاہر کی گیند پر پجارا نے اس میچ کا پہلا چھکہ بھی لگایا ۔ قبل ازیں اشون نے پانچ وکٹ لیتے ہوئے جنوبی افریقہ کو محض 184 رن کے معمولی اسکور پر آؤٹ کردیا ۔ اے بی ڈی ویلیرس کی نصف سنچری بھی رائیگاں ثابت ہوگئی۔ ڈی ویلیرس نے 83 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 63 رنز بنائے اور پہلی اننگز میں ہندوستان کے مجموعی اسکور 201 پر سبقت لینے کی کوشش کی جس کو ہندوستانی اسپین بولرس نے ناکام بنادیا ۔ اشون 29 میچوں میں 150 وکٹس لینے والے بولر کی حیثیت سے بھی اُبھرے ہیں۔

12 میچوں میں 50 وکٹس ، اشون نے 105 سالہ قدیم ریکارڈ توڑدیا
ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون آج نہ صرف ہندوستانی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز رفاری کے ساتھ 150 وکٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا بلکہ جنوبی افریقہ کے خلاف بولنگ کے آغاز کے بعد 50 وکٹ لینے کا 105 سالہ قدیم ریکارڈ بھی توڑ دیا ۔ قبل ازیں انگلینڈ کے کولن بلائتھ نے 1902 اور 1910 ء کے درمیان 13 ٹسٹ میچوں میں 1319 رنز دیکر 74 وکٹس حاصل کیا تھا ۔لیکن اشون کا ریکارڈ ان سے بھی زیادہ بہتر ہے وہ 12 میچوں میں 1888 گیند ڈال کر 1018 رن دیتے ہوئے 50 وکٹس حاصل کئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT