Tuesday , July 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / اشوین کو سالانہ آئی سی سی ایوارڈز میں دوہری خوشی

اشوین کو سالانہ آئی سی سی ایوارڈز میں دوہری خوشی

کوہلی کو او ڈی آئی ٹیم 2016ء کے کپتان کا اعزاز، ہندوستانی کیپٹن آئی سی سی ٹسٹ ٹیم میں نظرانداز

دبئی ، 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روی چندرن اشوین کو آج یہاں آئی سی سی سالانہ ایوارڈز تقریب میں دوہری خوشی ملی جب وہ آئی سی سی ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے علاوہ آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر نامزد کئے جانے پر سَرگارفیلڈ سوبرز ٹروفی جیتنے والے تیسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔ آف اسپنر باوقار سرگارفیلڈ سوبرز ٹروفی پانے والے مجموعی طور پر 12 ویں کھلاڑی بنے ہیں۔ اشوین اس ایوارڈ کے ساتھ راہول ڈراویڈ (2004ء) اور سچن تنڈولکر (2010ء) کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔ اشوین کو آئی سی سی ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر بھی قرار دیا گیا، جس نے انھیں ایک ہی سال دو باوقار انعامات جیتنے والا دوسرا بھارتی کھلاڑی بنادیا ہے۔ ڈراویڈ کو 2004ء میں دو اعزازات حاصل ہوئے تھے۔ ووٹنگ کی مدت (14 سپٹمبر 2015ء تا 20 سپٹمبر 2016ء) کے دوران چینائی سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ اسپنر نے آٹھ ٹسٹ میں 48 وکٹیں لئے اور 336 رنز بنائے۔ اشوین نے 19 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 27 وکٹیں بھی لئے ہیں۔ اشوین 2015ء میں دنیا کے نمبر 1 بولر قرار پائے تھے، اور اس پوزیشن کو وہ 2016ء میں دو مرتبہ حاصل کئے ہیں۔ دریں اثناء ویراٹ کوہلی بھلے ہی انڈیا کے ٹسٹ کیپٹن کی حیثیت سے 18 میچز سے لگاتار ناقابل شکست ہیں، لیکن انھیں آج آئی سی سی ٹسٹ ٹیم آف دی ایئر میں نظرانداز کیا گیا، ویسے اُن کو او ڈی آئی آل اسٹار الیون کا کپتان نامزد کیا گیا ہے، جس میں روہت شرما اور رویندر جڈیجا بھی موجود ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT