Thursday , September 21 2017
Home / بچوں کا صفحہ / اصلیت چھپانے کا نتیجہ …!!

اصلیت چھپانے کا نتیجہ …!!

ایک عقاب اور ایک اُلو میں دوستی ہوگئی ۔ عقاب بولا’’ بھائی اُلو تمہارے بچوں کو کبھی نہیں کھاؤں گا۔ مگر یہ تو بتاؤ کہ ان کی پہچان کیا ہے۔ ؟ کہیں ایسا نہ ہو کہ کسی دوسرے پرندے کے بچوں کے دھوکے میں ہی کھاجاؤں۔‘‘ اُلو نے جواب دیا’’ بھلا یہ بھی کوئی مشکل بات ہے۔ میرے بچے سب پرندوں کے بچوں سے زیادہ خوبصورت ہیں۔ ان کے چمکیلے پر دیکھ کر تم ایک ہی نظر میں پہچان جاؤ گے ۔‘‘
اور عقاب نے اُلو کی بات کاٹ کر کہا بس ، بس میں سمجھ گیا۔ اب میں کبھی دھوکا نہیں کھاسکتا۔ مگر بھائی ہر بات کوپہلے ہی پوچھ لینا اچھا ہے۔ پھر پچھتاوے سے کچھ نہیں ہوسکتا۔ اچھا پھر ملیں گے۔ ‘‘ یہ کہہ کر عقاب اُڑ گیا۔ دوسرے دن عقاب شکار کی تلاش میں ادھر ادھر اُڑ رہا تھا کہ اسے ایک اونچے درخت کی شاخ پر کسی پرندے کا گھونسلہ نظر آیا۔گھونسلے کے اندر چار پانچ کالے کلوٹے بدشکل بچے موٹی اور بھدی آواز میں چوں چوں کررہے تھے۔ عقاب نے سوچا یہ بچے میرے دوست اُلو کے ہرگز نہیں ہوسکتے کیونکہ نہ تو یہ خوبصورت ہیں اور نہ ان کی آواز میٹھی اور سریلی ہے۔ یہ سوچ کر عقاب نے ان بچوں کو کھانا شروع کردیا۔ دو سب بچوں کو کھاچکا تھا ، اُلو اُڑتا ہوا آیا اور شور مچاکر کہا ’’ ارے تم نے یہ کیا کیا؟ یہ تو میرے بچے تھے۔‘‘‘ عقاب گھبراکر اُڑ گیا۔ ایک چمگادڑ نے جو پاس ہی اُڑ رہی تھی اُلو سے کہا ’’ اس میں عقاب کا کوئی قصور نہیں ۔ ساری غلطی تمہاری ہے، جو کوئی کسی کو دھوکا دے کر اپنی اصلیت چھپانے کی کوشش کرتا ہے اس کا یہی انجام ہوتا ہے۔‘‘

TOPPOPULARRECENT