Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / اضلاع نندوبار اور ناسک میں زور دار بارش دریائے گوداوری میں طغیانی سے منادر غرقاب

اضلاع نندوبار اور ناسک میں زور دار بارش دریائے گوداوری میں طغیانی سے منادر غرقاب

ناسک ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شمالی مہاراشٹرا میں نندوبار ضلع کے پچورہ باری گاؤں میں زور دار بارش کے دوران آج ایک مکان منہدم ہوجانے سے 4 افراد ہلاک اور دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے جہاں پر گذشتہ 24 گھنٹوں میں 390 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نندوبار مسٹر رنجیت راجپوت نے بتایا کہ علاقہ میں ہفتہ کی شام سے زور دار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس میں 4 افراد ہلاک اور دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ بارش کی تباہ کاریوں میں 179 مکانات کو نقصان پہنچا اور 100 سے زائد مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع نندوبار میں گذشتہ 24 گھنٹوں ( آج صبح تک ) کے دوران 390 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور ضلع ناسک میں گذشتہ دو دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آج صبح تک 1,899 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تیز و تند بارش کے باعث ناسک پینے کے پانی فراہم کرنے والے گنگا پور ڈیم میں 47 فیصد جب کہ دیگر آبی ذخائر میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے اور طغیانی کے باعث پالکھیڈ لیفٹ کینال اور گوداوری لیفٹ اینڈ رائٹ کینال کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں ۔ دریائے گوداوری جو کہ ناسک سے گذرتی سے سیلاب کے پانی سے دریا کے کناروں پر واقع متعدد منادر غرقاب ہوگئے ہیں ۔ علاوہ ازیں ضلع ناسک میں اگتاپوری تعلقہ میں جھگی جھونپڑیوں میں مقیم 20 افراد محصور ہوگئے تھے انہیں آج محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ ناسک تعلقہ میں 61 فیصد ، بگلان میں 54 فیصد ، سسنار میں 51 فیصد ، یبیٹھ میں 25 فیصد ، ملیگاؤں میں 22 فیصد بارش ریکارڈ کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT