Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / اظہرالدین ہند۔پاک کی سیریز کیلئے پراُمید

اظہرالدین ہند۔پاک کی سیریز کیلئے پراُمید

کراچی ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین مانتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ بورڈس کو مذاکرات کرنے چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کو یقینی بنایا جاسکے ۔ جیو نیوز چینل پر ایک خصوصی پروگرام کے دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سابق کپتان نے کہاکہ مجھے پوری اُمید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلوں کا احیاء ہوگا ۔ ہوسکتا ہے کہ یہ جلد ہو یا بدیر ہوں ، لیکن یقینی طورپر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے ۔ 52 سالہ کرکٹر جنھوں نے ہندوستان کیلئے 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے مقابلوں میں نمائندگی کی ہے ،

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ مقابلوں کا انعقاد حکومتوں کی اجازت سے مشروط ہے ۔ تاہم انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے احیاء کیلئے مذاکرات سب سے اہم ہوں گے اور دونوں بورڈس کو چاہئے کہ وہ مذاکرات کے تسلسل کو ختم نہ کریں۔ اپنے دور کے سب سے اسٹائلش بیٹسمین اظہرالدین نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کردی ہے کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف کھیلنا نہیں چاہتا ۔ اس ضمن میں اظہرالدین نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ یہ خیال صحیح ہے ۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ بی سی سی آئی کو پاکستان کے خلاف سیریز کو حتمی شکل دینے سے قبل حکومت کی اجازت لینی پڑتی ہے ۔ اظہرالدین کا ماننا ہے کہ موجودہ حالات دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کیلئے بہتر نہ سہی لیکن دونوں بورلاس کے درمیان مذاکرات کے سلسلے سے یہ سیریز یقینی ہوسکتی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان آخری مرتبہ باہمی سیریز ڈسمبر 2012 ء میں اور پھر جنوری 2013 ء میں کھیلی گئی تھی جب پاکستان نے ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے تین ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20 مقابلے کھیلے تھے ۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز 2008 ء ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد سے منجمد ہے لیکن اظہرالدین نے کہا ہے کہ یہ انجماد بہت جلد ختم ہوگا ۔ اظہرالدین نے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے مقابلوں کو اپنے لئے ایک بہترین کرکٹ قرار دینے کے علاوہ کہا کہ وہ بہت جلد دونوں ٹیموں کے درمیان مسابقتی کرکٹ سے لطف اندوز ہونا چاہیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT