Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / اظہرعلی کی ٹریپل سنچری، ویسٹ انڈیز پر دباؤ

اظہرعلی کی ٹریپل سنچری، ویسٹ انڈیز پر دباؤ

مصباح زیرقیادت پاکستان نے شاندار 579/3d بنائے
دبئی ، 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اظہر علی کی شاندار ٹریپل سنچری نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی کے ڈے نائٹ ٹسٹ میں پاکستان کی پوزیشن کافی مضبوط بنادی ہے۔ پاکستان نے گزشتہ روز میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز 579/3 پر ڈکلیئر کردی۔ اظہر 302 اور کپتان مصباح الحق 29 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ لیگ اسپنر دیویندر بشو نے 2/125 کے اعداد وشمار درج کرائے۔ جیسن ہولڈر کی ویسٹ انڈین ٹیم کیلئے پہلا ٹارگٹ فالوآن سے بچنے کیلئے 380 رنز بنانا ہے جو ناتجربہ کار بیٹنگ لائن اپ کیلئے ہرگز آسان نہیں۔ آج ہفتہ کو تیسرے روز کے کھیل میں دوسرے سیشن کے دوران مہمانوں نے تادم تحریر 150/2 کئے، جس میں دونوں وکٹیں لیگ اسپنر یاسر شاہ نے لئے۔ مارلن سامیلز 56 اور ڈارن براوو 34 پر کھیل رہے تھے۔ اوپنرز کریگ براتھویٹ (32) اور لیون جانسن (15) آؤٹ ہوئے۔ کل کے اسکور 69/1 سے آگے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے براتھویٹ کی وکٹ کھوئی، جو اپنے کل کے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔

قبل ازیں دوسری صبح اظہر علی اور اسد شفیق نے پاکستان کی اننگز کا 279/1 پر احیاء کیا تو دونوں بیٹسمین پہلے دن کی طرح خاموشی سے آگے بڑھتے دکھائی دیئے۔ ویسٹ انڈین بولنگ ایک بار پھر بیٹسمنوں پر کوئی خاص تاثر نہ چھوڑ سکی۔ تاہم اسد 67 رنز بناکر بولر بشو کو ہی کیچ دے بیٹھے۔ اسد اور اظہر کی دوسری وکٹ کیلئے شراکت 137 رنز کی ہوئی۔ بعد میں بابر اعظم 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اظہر نے دوسرے دن 190 کے اسکور پر روسٹن چیز کی گیند پر سلپ میں بلیک ووڈ کے ہاتھوں کیچ نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی دوسری ڈبل سنچری مکمل کی۔اس اننگز سے قبل اظہر کا ٹسٹ میں بہترین انفرادی اسکور 226 تھا جو انھوں نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں بنایا تھا۔ اظہر ٹسٹ کرکٹ میں 4000 رنز مکمل کرنے والے 10ویں پاکستانی بیٹسمن بھی بن گئے۔ بابر اور اظہر نے تیسری وکٹ کیلئے 165 رنز جوڑے۔ یہ اس اننگز میں مسلسل تیسری سنچری پارٹنرشپ ہوئی۔ کپتان مصباح نے اظہرعلی کی ٹریپل سنچری مکمل ہوتے ہی اننگز ڈکلیئر کر دی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے دیویندرا بشو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے بھاری بھرکم سکور کا جواب دینے کے لیے جس اچھی بنیاد کی ضرورت تھی وہ اسے نہ مل سکی اور لیون جانسن صرف پندرہ رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ کھیل کے اختتام پر کریگ بریتھ ویٹ 32 اور ڈیرن براوو 14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

TOPPOPULARRECENT