Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / اظہر علی اور حفیظ کی ناراضگی دور کرنے میں پی سی بی کامیاب

اظہر علی اور حفیظ کی ناراضگی دور کرنے میں پی سی بی کامیاب

لاہور۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد عامر کے حوالے سے ٹریننگ کیمپ میں جاری مسئلہ ختم ہو گیا جبکہ محمد حفیظ نے کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان کو بدنام کرنے والوں کو معاف کیا لیکن اپنے موقف پر اب بھی قائم ہوں اور پاکستان کر بدنام کرنے والوں کو ملک کے لئے نہیں کھیلنا چاہئے۔ محمد حفیظ اور اظہر علی نے پی سی بی چیئرمین شہر یار خان سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہریار خان نے کہا کہ محمد حفیظ اور اظہر علی غیر مشروط طور پر کیمپ میں شامل ہو رہے ہیں۔ملاقات میں دونوں کھلاڑیوں نے حتمی جواب کے لئے ایک دن کی مہلت مانگی  جبکہ شہر یارخان نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کااشارہ  دیا تھا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو محبت اور پیار سے سمجھایا، اب مسئلہ ختم ہوگیا ہے، اظہر علی اور محمد حفیظ جلد کیمپ میں شریک ہوں گے اور  ٹیم کو آگے لے کر چلیں گے۔ تربیتی کیمپ میں شامل اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عامر کیمپ میں شامل ہیں لیکن ابھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹیم کا اعلان 3یا 4 دنوں میں ہو جائے گا۔ قبل ازیں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ نے کہا  میرے مؤقف کو غلط طور پر پیش کیا گیا، اپنے مؤقف پر قائم تھا اور ہمیشہ قائم رہوں گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ محمد عامر سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، پاکستان کا نام بدنام کرنے والوں کے خلاف ہوں، ملک کو بدنام کرنے والوں کو پاکستان کے لئے نہیں کھیلنا چاہیے، پاکستان کا وقار آج بھی مقدم ہے، کوئی اسے بیچ دے یہ گوارا نہیں۔  آل راونڈر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی عزت کو متاثر کرنے والوں کو انہوں نے معاف کردیا تاہم وہ آج بھی پاکستان کو بدنام کرنے والے کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہیں۔محمد عامر کی ڈومیسٹک اور بی پی ایل میں بہترین کارکردگی کے باعث پی سی بی نے انھیں  ٹیم میں شامل کرنے کے واضح اشارے دیے ہیں  جبکہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل پاکستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل 26 کھلاڑیوں میں انھیں بھی شامل کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT