Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / افغان ۔ پاکستان سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ ، 7 پاکستانی فوجی ہلاک

افغان ۔ پاکستان سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ ، 7 پاکستانی فوجی ہلاک

پشاور ، 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوجی حکام نے بتایا ہے کہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں سات فوجی مارے گئے ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ یہ فائرنگ جنگجوؤں نے کی یا افغان فورسز کی طرف سے کی گئی۔ نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے پاکستانی فوجی حکام کے حوالے سے آج بتایا ہے کہ افغان سرحد سے متصل قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں واقع انگور اڈہ کی چیک پوائنٹ پر اچانک فائرنگ کر دی گئی۔ پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق ’’افغانستان سے کی گئی فائرنگ کی وجہ سے سات فوجی مارے گئے ہیں۔‘‘ پاکستان کا قبائلی علاقہ جنوبی وزیرستان طالبان اور القاعدہ نیٹ ورک کے حامیوں کا ایک گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ جب سے پاکستانی فوج نے ان علاقوں میں مقامی جنگجوؤں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے، تب سے یہ علاقہ مزید شورش کا شکار ہوچکا ہے۔ پاکستانی فوج نے پہلی مرتبہ 2008ء میں اس قبائلی علاقے میں جنگجوؤں کے خلاف عسکری آپریشن شروع کیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس علاقے میں سرگرم بہت سے شدت پسندوں نے پاکستانی فوج کی کارروائی سے بچنے کیلئے ہمسایہ ملک افغانستان میں پناہ لے رکھی ہے، جو وہاں قائم اپنے محفوظ ٹھکانوں میں موجود ہیں۔ اسلام آباد الزام عائد کرتا ہے کہ یہی جنگجو پاکستان میں داخل ہوکر سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کارروائی کر کے واپس افغانستان فرار ہوجاتے ہیں۔ پاکستانی فوج پر افغانستان سے سرحد پار حملہ آخری مرتبہ دو ماہ قبل ہی کیا گیا تھا۔ اس حملے میں افغان سرحدی علاقوں سے خیبر ایجنسی میں راکٹ فائر کئے گئے تھے، جن کی زد میں آ کر چار پاکستانی فوجی ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ پاکستانی فوج نے گزشتہ برس جون میں شمالی وزیرستان میں بھی عسکری کارروائی شروع کر دی تھی، جس کا مقصد ان علاقوں سے شدت پسندوں کا خاتمہ بتایا گیا ہے۔ یہ کارروائی آج تک جاری ہے، جس میں فوجی حکام کے مطابق سینکڑوں شدت پسند ہلاک کئے جا چکے ہیں۔ افغانستان کا الزام ہے کہ پاکستان کے ان قبائلی علاقوں میں سرگرم جنگجو افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔ تاہم پاکستانی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کابل حکومت پر الزام لگاتی ہے کہ افغانستان کے سرحدی علاقوں میں جنگجو سرگرم ہیں۔

TOPPOPULARRECENT