Saturday , March 25 2017
Home / شہر کی خبریں / اقامتی اسکولس میں اساتذہ کے تقررات کیلئے امیدواروں کو مفت کوچنگ

اقامتی اسکولس میں اساتذہ کے تقررات کیلئے امیدواروں کو مفت کوچنگ

سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز کا اقدام ، پروفیسر ایس اے شکور اور اے کے خاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود نے ریاست کے ریسیڈنشیل اسکولس ٹیچرس رکروٹمنٹ اکزامنیشن 2017 میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لیے فری کوچنگ پروگرام ریاست بھر میں 12 سنٹرس قائم کئے اور یہ سنٹرس سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز کی جانب سے چلائے جارہے ہیں ۔ ڈائرکٹر سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز پروفیسر ایس اے شکور نے یہ بات بتائی اور کہا کہ فری کوچنگ کا 12 فروری اور 15 فروری سے حیدرآباد و دیگر اضلاع میں آغاز ہوچکا ہے ۔ اسی دوران مشیر اقلیتی امور حکومت تلنگانہ جناب اے کے خاں نے بتایا کہ کوچنگ کے لیے امیدواروں سے مثبت ردعمل حاصل ہورہا ہے اور ان امیدواروں میں اپنے تقرر کو یقینی بنانے جستجو دکھائی دے رہی ہے ۔ جناب اے کے خاں نے بتایا کہ گذشتہ دن انہوں نے نظام کالج میں کوچنگ مرکز کا اچانک دورہ کیا اور کوچنگ دینے والے اساتذہ کے طریقہ کار اور ان کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا اور بعد ازاں کوچنگ کے امیدواروں سے بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں ۔ جس پر امیدواروں نے اطمینان و مسرت کا اظہار کیا ۔ مشیر حکومت نے بتایا کہ اقلیتی امیدواروں میں کافی صلاحیتیں ہیں اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقد کئے جانے والے امتحان میں شرکت کرنے اور کامیابی کے لیے کافی ذوق ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کمیشن امتحان میں زیادہ سے زیادہ اقلیتی امیدوار کامیابی حاصل کریں گے ۔ فری کوچنگ پروگرام کے لیے اضلاع میں قائم کردہ مراکز میں بھی امیدواروں کی شرکت کافی حوصلہ افزاء ہے ۔ کوچنگ مراکز میں امیدواروں کی تعداد کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایاکہ عادل آباد میں 48 ، حیدرآباد ( نظام کالج ) میں 135 ، حیدرآباد ( خلوت کے مرکز میں ) میں 62 ، کریم نگر میں 87 ، کھمم میں 22 ، محبوب نگر میں 45 ، منچریال میں 10 ، نلگنڈہ میں 28 ، نظام آباد میں 48 ، سنگاریڈی میں 22 ، سدی پیٹ میں 33 اور ورنگل میں 49 امیدوار فری کوچنگ حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اور بھی مزید امیدواروں کی شرکت کرنے کی قوی توقع پائی جاتی ہے تاہم انہوں نے سماجی مذہبی و دیگر مختلف تنظیموں پر زور دیا کہ وہ فری کوچنگ پروگرام کے تعلق سے اپنے اپنے مقامات و حلقوں میں واقف کروائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار اس فری کوچنگ پروگرام سے بھر پور استفادہ کر کے اپنے تقرر کو یقینی بنانے کی بھر پور کوشش کرسکیں ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT