Thursday , April 27 2017
Home / شہر کی خبریں / اقامتی اسکولس میں تقررات کے اعلامیہ سے دستبرداری

اقامتی اسکولس میں تقررات کے اعلامیہ سے دستبرداری

آن لائن ادخال درخواست کا شیڈول ملتوی ، اہلیت کی شرائط میں نرمی کے فیصلہ پر اقدام
حیدرآباد ۔ 10فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے اقامتی اسکولوں میں 7306 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ کو واپس لے لیا ہے ۔ اس طرح آج سے امیدواروں کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کے شیڈول کو ملتوی کردیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے تقررات کے سلسلہ میں اہلیت کی شرائط میں نرمی کے فیصلہ کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ۔ حکومت نے جائیدادوں پر تقررات کیلئے نشانات کے فیصد کو 60فیصد سے گھٹاکر 50کرنے کا فیصلہ کیا ہے ‘ تاکہ بڑی تعداد میں نوجوان تقررات کے اہل قرار پائیں ۔ سیاسی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جارہا تھا شرائط میں نرمی کی جائے ۔ مختلف اقامتی اسکول سوسائٹیوں نے مشترکہ طور پر شرط عائد کی تھی کہ 60فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔ پبلک سرویس کمیشن نے اسی شرط کے مطابق 6فبروری کو اعلامیہ جاری کردیا تھا ۔ حکومت نے کل رات شرائط میں نرمی کا فیصلہ کیا جس کے بعد پبلک سرویس کمیشن نے اپنے اعلامیہ کو واپس لے لیا اور آن لائن درخواستوں کے ادخال کو روک دیا گیا ہے ۔ کمیشن اپنے اعلامیہ میں حکومت کے نئے فیصلہ کے ساتھ ترمیم کرتے ہوئے دوبارہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ کا اعلان کرے گا ۔ پبلک سرویس کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک باقاعدہ کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے ہیں ۔ توقع کی جارہی ہے کہ اندرون دو یوم حکومت اپنے فیصلہ سے کمیشن کو واقف کرے گی اور پبلک سرویس کمیشن پیر تک ترمیمی اعلامیہ جاری کردے گا ۔ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولس میں تدریسی اسٹاف کی 7306 جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں ۔ ان میں اقلیتی اقامتی اسکولس کی 2080 جائیدادیں شامل ہیں ۔ ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچرس کی 1216 ‘ پوسٹ گریجویٹ 280 ‘ فزیکل ایجوکیشن ٹیچر 194اور اسٹاف نرس کی 195 جائیدادوں پر اقلیتی اقامتی اسکولس میں تقررات کئے جائیں گے ۔ اسی دوران سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز ( سی ای ڈی ایم) نے اقلیتی طلبہ کیلئے اتوار سے کوچنگ کلاسیس کا آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ میں 12 مراکز پر اقلیتی طلبہ کو پبلک سرویس امتحانات کی کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔ حیدرآباد میں دو مراکز نظام کالج اور اسٹینڈرڈ پبلک اسکول خلوت میں کوچنگ کا اہتمام رہے گا ۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تمام اضلاع میں کوچنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور کوآرڈینیٹر کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ کیلئے بیسٹ فیکلٹیز کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ کوچنگ کی فراہمی کا مقصد اقامتی اسکولس میں زیادہ سے زیادہ اقلیتی امیدواروں کی بھرتی کو یقینی بنانا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT