Friday , April 28 2017
Home / شہر کی خبریں / اقامتی اسکولس میں تقررات کے لیے کوچنگ فراہمی کے فیصلہ کا حوصلہ افزاء ردعمل

اقامتی اسکولس میں تقررات کے لیے کوچنگ فراہمی کے فیصلہ کا حوصلہ افزاء ردعمل

ادخال درخواستوں کے آغاز سے قبل ہی 800 درخواستیں وصول ، طلبہ میں جوش و خروش
حیدرآباد۔/9فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے اقامتی اسکولوں کیلئے ٹیچنگ اسٹاف کی 7306 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود نے اقلیتی طلبہ کو کوچنگ فراہم کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ یوں تو اقلیتی طلباء کو پبلک سرویس کمیشن امتحانات کی کوچنگ کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی تاریخ کا آغاز کل 10فبروری سے ہونا ہے لیکن اس سے قبل ہی تقریباً 800 درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز ( سی ای ڈی ایم ) کے ذریعہ اقلیتی طلباء کو کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی ای ڈی ایم کے ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کی کوچنگ حاصل کرنے اقلیتی طلباء میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ شہر اور اضلاع سے تقریباً 800 درخواستیں آن لائن داخل کردی گئی ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ امیدواروں کی تعداد کئی ہزار تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 7306 جائیدادوں میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے ٹیچنگ اسٹاف کی 2080 جائیدادیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلباء کو ریاست کے 12 مراکز پر ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا اور یہ ٹریننگ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات سے عین قبل تک جاری رہے گی۔ حیدرآباد میں دو مراکز قائم کئے گئے ہیں، نظام کالج اور اسٹینڈرڈ اسکول خلوت میں کوچنگ رہے گا۔ نظام کالج میں کوچنگ کے اوقات سہ پہر 3 تا شام 6 بجے جبکہ خلوت میں شام 5 تا8 بجے رہیں گے۔ اہل امیدوار جنہوں نے پبلک سرویس کمیشن کے امتحان کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں وہ کوچنگ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ 18 تا44 سال کے اہل امیدوار امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک سرویس کمیشن میں آن لائن درخواستیں 10فبروری تا 4 مارچ داخل کی جاسکتی ہیں۔ ٹیچنگ اسٹاف کی جائیدادوں میں اقلیتی امیدواروں کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد کے دو مراکز کے علاوہ عادل آباد، منچریال، کریم نگر، کھمم، محبوب نگر، نلگنڈہ، نظام آباد، سنگاریڈی، سدی پیٹ اور ورنگل میں کوچنگ سنٹرس کیلئے مقام کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر سنٹر کیلئے ماہر فیکلٹی کا تقرر کیا جارہا ہے۔ امیدواروں کی کثرت کی صورت میں زائد بیاچس تشکیل دیئے جائیں گے۔ کوچنگ کیلئے طلباء msconline.in پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ کوچنگ کے دوران تمثیلی ٹسٹ کا اہتمام کیا جائے گا جس سے امیدواروں کی قابلیت کا اندازہ ہوگا۔ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جن 7306 جائیدادوں پر بھرتی کی جارہی ہے ان میں ٹی جی ٹی 4362 ، پی جی ٹی 921، فزیکل ڈائرکٹر 6 ، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر 616، آرٹ ٹیچر 372، کرافٹ ٹیچر 43 ، میوزک ٹیچر 197 ، اسٹاف نرس 533 اور لائبریرین 256 شامل ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT