Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اقامتی اسکولس کے لیے عمارتوں کا انتخاب مکمل

اقامتی اسکولس کے لیے عمارتوں کا انتخاب مکمل

ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔ 25۔ مئی  ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے 71 اقامتی اسکولس میں معیاری تعلیم اور بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خاں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ اے کے خاں جو اسکولوں کے قیام سے متعلق سوسائٹی کے نائب صدرنشین ہیں، آج اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور اسکولوں کے قیام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ حکومت نے شہر اور اضلاع میں اقامتی اسکولس کی عمارتوں کی نشاندہی اور انتخاب کیلئے اسٹیٹ آفیسرس کا تقرر کیا تھا اور تمام اضلاع میں عمارتوں کے انتخاب کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ اے کے خاں نے سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل کے علاوہ اسٹیٹ آفیسرس بی شفیع اللہ ، پروفیسر ایس اے شکور ، محمد اسد اللہ ، معصومہ بیگم اور بی وکٹر کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آن لائین درخواستوں کے ادخال کا رجحان حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں کم داخلوں پر افسوس کااظہار کیا اور ان اضلاع کے انچارج عہدیدار بی شفیع اللہ کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے تمام عمارتوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی اور کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کے ہاسٹلس میں جس طرح معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ، اسی طرح اقلیتی اسکولس میں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اسکولوں کے پرنسپلس اور ٹیچرس کے تقررات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 13 جون سے کسی بھی حالت میں اسکولوں میں تعلیم کا آغاز کردیا جائے ۔ پہلے مرحلہ میں پانچویں تا ساتویں جماعت کلاسس کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے مختلف اضلاع میں داخلوں کے رجحان اور عمارتوں کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ حیدرآباد میں عمارتوں کے انتخاب میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ توقع ہے کہ عبدالقیوم خاں بہت جلد شہر کی عمارتوں کا جائزہ لیں گے۔ اسکولوں کی سوسائٹی کے سکریٹری بی شفیع اللہ نے سوسائٹی کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے مختلف عہدیداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کی کارکردگی سے واقف کرایا۔

TOPPOPULARRECENT