Sunday , June 25 2017
Home / شہر کی خبریں / اقامتی مدارس میں اساتذہ کے تقررات کیلئے کوچنگ کا آغاز

اقامتی مدارس میں اساتذہ کے تقررات کیلئے کوچنگ کا آغاز

ماہر اساتذہ کے ذریعہ کوچنگ ، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد۔/12فبروری، ( پریس نوٹ ) سخت محنت اور سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری سے ہی بہتر رینک حاصل ہوسکتا ہے۔ اقلیتی امیدواروں کو چاہیئے کہ وقت ضائع نہ کریں اور سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرتے ہوئے اپنے انتخاب کو یقینی بنائیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر سرپرستی مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات عثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام نظام کالج پر اقامتی مدارس میں اساتذہ کے تقررات کیلئے مفت کوچنگ کلاسیس کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر CEDM نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیر سرپرستی اس سنٹر کی جانب سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر مقامات محبوب نگر، سنگاریڈی، نظام آباد، کریم نگر ، ورنگل ، عادل آباد، نلگنڈہ ، کھمم ، سدی پیٹ اور منچریال یعنی جملہ 12مقامات پر بھی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں کوچنگ کے لئے اب تک تقریباً 2300 امیدوار آن لائن رجسٹریشن کرواچکے ہیں اور حیدرآباد میں نظام کالج اور اسٹینڈر ڈہائی اسکول خلوت کے علاوہ دیگر اضلاع پر بھی آج سے کوچنگ کلاسیس کا آغاز ہوچکا ہے جہاں ماہر اساتذہ کے ذریعہ کوچنگ دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں مفت اسٹڈی میٹریل بھی فراہم کیا جائے گا۔ ایسے اقلیتی امیدوار جو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے مقرر کردہ شرائط و اہلیت کی تکمیل کرتے ہوں وہ کوچنگ کے لئے اپنے قریبی کوچنگ مراکز پر رجوع ہوسکتے ہیں۔ فی الحال ریاست تلنگانہ کے تمام اقامتی مدارس کیلئے اساتذہ کے تقرر کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ جس میں 7036 کے منجملہ 2080 اقلیتی اقامتی مدارس کے لئے ہیں۔ لیکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقد شدنی امتحان سب کیلئے مشترک ہے اور میرٹ کی بنیاد پر ہی امیدواروں کا انتخاب ہوسکتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ سی ای ڈی ایم کے زیر اہتمام دیگر مسابقتی امتحانات مثلاً ٹیٹ ، پالی سیٹ، آئی سیٹ، وغیرہ کے لئے بھی کوچنگ دی جاتی ہے ۔ اقلیتی امیدواروں کو چاہیئے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ شیخ چاند ساجد سینئر پراجکٹ آفیسر نے کہاکہ وقت کی پابندی کریں اور امتحانی پرچہ کے نمونے کو سمجھ کر تیاری کریں۔ آخر میں عبدالکاظم پراجکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT