Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اقتدار پر عہدے اور دولت، محرومی پر پارٹی سے وفاداری کی تبدیلی نامناسب

اقتدار پر عہدے اور دولت، محرومی پر پارٹی سے وفاداری کی تبدیلی نامناسب

تلنگانہ تشکیل دینے والی سونیا گاندھی کو تکلیف پہنچنے کا اظہار، وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا کانگریس
حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کانگریس دورحکومت میں عہدے اور دولت بٹورنے والے قائدین پر پارٹی سے منحرف ہوتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی سونیا گاندھی کو تکلیف پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی چھوڑنے والے قائدین کو سمجھانے اور منانے میں ناکام ہوجانے کا سینئر قائدین پر الزام عائد کیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا جب پارٹی اقتدار میں تھی تب وزارت کے علاوہ دیگر عہدے حاصل کرنے اور حکومت کی آڑ میں بیجا دولت کمانے والے قائدین کانگریس کے اقتدار سے محروم ہوتے ہی اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کررہے ہیں، اس پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی بھی جماعت کیلئے مستقل نہیں ہے۔ کانگریس برسراقتدار تھی آج ٹی آر ایس ہے اور آنے والے دنوں میں کانگریس پارٹی دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ پارٹی چھوڑنے والے قائدین کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے کہ پارٹی نے انہیں کیا سے کیا بنایا۔ جب پارٹی کیلئے نازک موڑ آیا تو پارٹی سے مستعفی ہوجانا کہاں کا انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دورحکومت میں بدعنوانیاں کرنے والے قائدین ہی ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کی صورت میں آندھراپردیش میں کانگریس کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملنے کے بعد بھی صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی۔ تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے کے بجائے دوسری جماعتوں میں شامل ہوتے ہوئے کانگریس کے قائدین سونیا گاندھی کو تکلیف پہنچا رہے ہیں جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس چھوڑنے کا ارادہ رکھنے والے قائدین کو سمجھا بجھا کر پارٹی میں برقرار رکھنے میں ناکام ہوجانے کا پارٹی کے سینئر قائدین پر الزام عائد کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملو بٹی وکرامارک پر زور دیا کہ وہ ان قائدین سے اپیل کریں کہ پارٹی چھوڑ کر نہ جائیں کیونکہ 2019ء کانگریس کا سال ہوگا اور کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے دوبارہ اقتدار پر واپس ہوگی۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر دوسری جماعتوں کے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا الزام عائد کیا۔

TOPPOPULARRECENT