Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتوں ، ایس سی ، ایس ٹی کیلئے 250 اقامتی اسکولس

اقلیتوں ، ایس سی ، ایس ٹی کیلئے 250 اقامتی اسکولس

جاریہ سال سے آغاز، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 20۔ اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ جاریہ تعلیمی سال اقلیتوں کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے جملہ 250 اقامتی اسکولس کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے آج کیمپ آفس میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اقامتی اسکولس اور خاص طور پر ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کیلئے قائم کئے جانے والے اسکولس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ طلبہ کا مستقبل صرف تعلیم سے تابناک بنایا جاسکتا ہے ۔ ایس سی، ایس ٹی طلبہ میں بہتر تعلیم کو عام کرنے کیلئے حکومت نے اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ایس سی ، ایس ٹی کے لئے 180 اقامتی اسکولس کا آغاز ہوگا جن میں ایس سی کیلئے 130 ، ایس ٹی کیلئے 50 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اقلیتی طلبہ کیلئے 70 اقامتی اسکولس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جائزہ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ریذیڈنشیل اسکولس سے متعلق سوسائٹی کے سکریٹری پروین کمار ، قانون ساز کونسل کے رکن سدھاکر ریڈی اور چیف منسٹر کے سکریٹری نرسنگ راؤ شریک تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جاریہ تعلیمی سال شروع ہونے والے اسکولوں میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موزوں مقامات پر عمارتوں کا انتخاب کیا جائے اور مستقل عمارتوںکی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان اسکولوں کے قیام کے ذریعہ حکومت کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی اسکیم کو آگے بڑھانے منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 32 ایسے اسمبلی حلقے ہیں جہاں اقامتی اسکولس موجود نہیں ، لہذا ان اسمبلی حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر اسکولس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میدک ضلع میں قائم ہونے والے فاریسٹ کالج کیلئے 118 جائیدادوں کی منظوری لی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT