Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتوں میں پسماندگی کے خاتمہ کے لیے ترقیاتی اسکیموں کا آغاز

اقلیتوں میں پسماندگی کے خاتمہ کے لیے ترقیاتی اسکیموں کا آغاز

اقلیتی بہبود کمیٹی کا پہلا اجلاس ، مدھو سدن چاری اور سوامی گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔/17 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کی اقلیتی بہبود کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری، صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ، رکن پارلیمنٹ کویتا کے علاوہ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ کمیٹی کے صدرنشین عامر شکیل رکن اسمبلی نے صدارت کی۔ اسمبلی اور کونسل کیلئے حال ہی میں اقلیتی بہبود کی کمیٹی قائم کی گئی جس کا پہلا تعارفی اجلاس اقلیتوں کے مسائل اور ان کی ہمہ جہتی ترقی سے چھایا رہا۔ مقررین نے اقلیتوں کی پسماندگی کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کی اسکیمات کے فوائد ان تک پہنچانے کی ضرورت ظاہر کی۔ اسپیکر مدھو سدن چاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں جو کسی زمانے میں صاحب اقتدار تھے آج وہ پسماندگی کا شکار ہیں۔ انہوں نے اپنے اسمبلی حلقہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معاشی پسماندگی کے باعث اقلیتیں تلاش معاش میں دیگر علاقوں کو نقلِ مقام پر مجبور ہیں۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین سوامی گوڑ نے رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اقلیتی بہبود کمیٹی کے کام کاج کا آغاز خوش آئند ہے۔ اس مبارک مہینہ کی برکت سے توقع کی جاسکتی ہے کہ یہ کمیٹی اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی بہبود کیلئے جو بجٹ مختص کرتی ہے جب تک اس کا استعمال نہ ہو اقلیتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے شادی مبارک، اوورسیز اسکالر شپ اور دیگر اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے حکومت نے 71اقامتی اسکولس قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 اسکولس شروع کئے جارہے تھے لیکن چیف منسٹر کے دورہ بانسواڑہ کے موقع پر انہوں نے اس علاقہ میں اسکول کی منظوری کی خواہش کی جس پر ایک اسکول کا اضافہ کردیا گیا۔ رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ کمیٹی کو اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کی نگرانی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کی نمائندگی 35فیصد تک تھی جو آج گھٹ کر ایک تا 2فیصد ہوچکی ہے۔ کمیٹی کے صدر نشین عامر شکیل رکن اسمبلی نے یقین دلایاکہ وہ ارکان اور عہدیداروں سے بہتر تال میل کے ذریعہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر نظر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دینے کی کوشش کرے گی۔ ارکان کونسل محمد سلیم، فاروق حسین اور اسٹیفن سن نے بھی مخاطب کیا۔ اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ اور دوسرے شریک تھے۔
ہفتہ طویل یوگا ڈے تقاریب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : گاندھی گیان مندر یوگا کیندر کوٹھی 19 تا 26 جون ہفتہ طویل یوگا ڈے تقاریب کا اہتمام کررہا ہے ۔ اوقات صبح 7 تا 8-30 بجے صبح رہیں گے ۔ اس دوران فٹ نیس ، پیٹھ کے درد ، شوگر مرض اور زائد وزن ، صحت مند قلب کے تئیں یوگا کے ذریعہ علاج کی تربیت دی جائے گی ۔ اس دوران یوگا ٹیچرس ٹریننگ کورس بیاچ کا آغاز ہوگا اورمختلف یوگا ماہرین خطاب کریں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبر 9246182484 پر ربط کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT