Thursday , March 30 2017
Home / Top Stories / اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے عہد پر حکومت کاربند

اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے عہد پر حکومت کاربند

فسادات پر قابو پانے میں مودی حکومت کامیاب۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا خطاب
نئی دہلی۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی ترقی کے لئے قومی ہم آہنگی ثقافتی خیر سگالی لازمی ہے اور مودی حکومت ہندوستان کے تمام عوام کی سماجی ، معاشی ، اقتصادی اور تعلیمی ترقی کے عہد کے ساتھ تیز رفتار کام کر رہی ہے ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے آج یہاں ریاستی اقلیتی کمیشنوں کی سالانہ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد فرقہ وارانہ فسادات پر خاطر خواہ طریقے پر قابو پایا ہے یہی وجہ ہے کہ سال 2016 ۔ 2015 میں ملک میں کوئی بڑا فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا ہے اور جو اکا دکا فسادات ہوئے ہیں وہ ذاتی نوعیت کے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فسادات کے اکا دکا واقعات کے سلسلے میں موصولہ شکایات کا اقلیتی کمیشن نے بخوبی نپٹا اور اس سے متعلقہ ایجنسیوں کو آگاہ بھی کرایا۔مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان کی آئین میں اقلیتوں کو دیئے گئے حقوق کو کوئی بھی پارٹی ، حکومت یا کوئی بھی نظام ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکتا کیونکہ اس کی بنیادیں کافی گہری اور مضبوط ہیں جو لوگ قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں ایسی طاقتوں کو بے اثر کرنا چاہئے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ بہت سے لوگ مذہبی منافرت پھیلانے کیلئے افواہوں کا سہارا لے کر ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں حالیہ دنوں میں ہریانہ کے میوات میں اسی طرح

کی افواہیں پھیلاکر فرقہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی
لیکن انہوں نے ان علاقوں میں چھ پروگریس پنچایت کرکے نہ صرف اس طرح کی افواہوں پر روک لگانے میں کامیابی حاصل کی بلکہ میوات کے علاقوں میں تعلیمی اور ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کرکے وہاں کے عوام میں اعتماد پیدا کیا ۔مسٹر نقوی نے کہا کہ ان کی وزارت نے ملک میں عالمی معیار کی پانچ یونیورسٹیاں قائم کرنے کا حال ہی میں اعلان کیا ہے جن میں 40 فیصد سیٹیں طالبات کے لئے ریزر و ہوں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے راجستھان، مہاراشٹر اور کرناٹک کی حکومتوں نے زمین فراہم کرنے کے پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے اور 2018 کے تعلیمی سیشن میں ان میں پڑھائی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور قومی اقلیتی کمیشن کو لوگوں کے اندر یہ اعتماد پیدا کرنا چاہئے کہ ملک میں سب کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور کسی کے ساتھ کوئی تفریق نہیں برتی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت برداشت اور روا داری میں مکمل یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ”وکاس اور وشواس ” کا چولی دامن کا ساتھ ہے جب تک عوام کے اندر اعتماد نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT