Monday , July 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتوں کی معاشی ترقی کیلئے ٹریننگ ایمپلائمنٹ کی اسکیمات پر عمل کی ہدایت : چیف منسٹر

اقلیتوں کی معاشی ترقی کیلئے ٹریننگ ایمپلائمنٹ کی اسکیمات پر عمل کی ہدایت : چیف منسٹر

چھوٹے کاروبار کے لیے مائیکرو لون کی تجویز ، صدر نشین اقلیتی کارپوریشن کی کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد۔/8 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین کو ہدایت دی ہے کہ کارپوریشن سے غریب خاندانوں کو سبسیڈی اجرائی کی اسکیم پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کارپوریشن سے اقلیتوں کی معاشی ترقی کیلئے ٹریننگ ایمپلائمنٹ پر مبنی مختلف اسکیمات کے آغاز کی بھی ہدایت دی۔ سید اکبر حسین نے کل پرگتی بھون میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور مالیاتی سال 2017-18 کیلئے اقلیتی فینانس کارپوریشن سے مختص کردہ بجٹ کی اجرائی کی درخواست کی۔ جاریہ سال بجٹ میں کارپوریشن کیلئے جو رقومات مختص کی گئیں ان کی بروقت اجرائی سے سبسیڈی پر مبنی اسکیم پر عمل کیا جاسکتا ہے۔ اکبر حسین نے کارپوریشن سے چھوٹے کاروبار کے آغاز کیلئے مائیکرو لون اسکیم کی تجویز سے بھی واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غریب افراد جو معاشی تنگی کے باعث کاروبار کے آغاز سے قاصر ہیں انہیں یکمشت چھوٹی رقم بطور قرض جاری کرتے ہوئے کاروبار کے آغاز میں مدد دی جاسکتی ہے۔ اس اسکیم کے سلسلہ میں مسلمانوں کی جانب سے طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔ کارپوریشن سے بڑے کاروبار یا صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں امداد کے بجائے مائیکرو لون اسکیم کے ذریعہ بیک وقت بڑی تعداد میں غریب خاندانوں کو ان کے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد دی جاسکتی ہے۔ اکبر حسین نے چھوٹی صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں کارپوریشن کے منصوبوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ہی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں اہم مساجد کے پاس دعوت افطار اور غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کیلئے 26 کروڑ روپئے جاری کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ اکبر حسین نے ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور اقلیتوں سے متعلق اداروں کو بہتر کارکردگی کے ذریعہ اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر نشین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ یوسف زاہد نے بھی چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ ڈپٹی میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بابا فصیح الدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور چیف منسٹر نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT