Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تقررات کیلئے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی

اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تقررات کیلئے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی

بے قاعدگیوں کی اطلاع پر انچارج ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر عہدہ سے علحدہ
حیدرآباد ۔ 6۔ جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میں اقلیتی اقامتی اسکولوں میں جاری تقررات کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حیدرآباد کے انچارج ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو فوری اثر کے ساتھ عہدہ سے سبکدوش کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جز وقتی تقررات کے سلسلہ  میں جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تھے ، ان کی صریح خلاف ورزی کی جارہی تھی اور اعلیٰ عہدیداروں کے احکامات کو نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ مذکورہ انچارج ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کے بارے میں مختلف شکایات ملنے پر سید عمر جلیل نے حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش کی جس پر انکشاف ہوا کہ عارضی تقررات کے سلسلہ میں اقلیتی امیدواروں کو کم از کم 70 فیصد نمائندگی کا جو فیصلہ کیا گیا تھا ، اس کی خلاف ورزی کی گئی ۔ انچارج ڈی ایم ڈبلیو او نے صرف 50 فیصد تک ہی اقلیتی طبقہ کے امیدواروں کے نام ضلع کلکٹر کو روانہ کئے تھے ۔ ایسا نہیں ہے کہ حیدرآباد میں اقلیتی امیدواروں نے درخواستیں داخل نہیں کی لیکن مذکورہ عہدیدار نے حکومت کی ہدایات کو نظر انداز کردیا۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں اقلیتی طلبہ کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے کم سے کم 70 فیصد اسٹاف اقلیتی طبقہ سے تقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ طلبہ کو تعلیم کے حصول میں سہولت ہو۔ بتایا جاتاہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود نے رمضان المبارک میں شاہی مسجد باغ عامہ کیلئے 15 کولرس کی منظوری دی لیکن جب کولرس سربراہ کرنے والے ادارہ نے ربط قائم کیا گیا تو مذکورہ انچارج ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر نے یہ کہتے ہوئے واپس بھیج دیا کہ بجٹ نہیں ہے ۔ الغرض مختلف شکایات ملنے پر سکریٹری اقلیتی بہبود نے انہیں زائد ذمہ داری سے فوری طور پر سبکدوش کردیا اور رنگا ریڈی کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو حیدرآباد کی زائد ذمہ داری دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی سے وابستہ بعض افراد کی رضامندی سے انچارج ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر نے اقلیتی طبقہ کے بجائے اکثریتی طبقہ کے امیدواروں کے نام روانہ کئے تھے۔ اس سلسلہ میں بھاری رقومات کے حصول کی بھی شکایات ملی ہیں۔  محکمہ اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کی کمی کے باعث دشواریوں کا سامنا ہے ۔ محکمہ نے حیدرآباد کے حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کی خدمات دوبارہ حاصل کرنے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ فائل چیف منسٹر کی منظوری کی منتظر ہے۔

TOPPOPULARRECENT