Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود اسکیمات کے لیے بجٹ کی عدم اجرائی سے مسائل

اقلیتی بہبود اسکیمات کے لیے بجٹ کی عدم اجرائی سے مسائل

ہزاروں امیدوار دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ، عہدیداروں کا ٹال مٹول رویہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری میں سست رفتاری کے سبب ہزاروں امیدوار دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں لیکن عہدیدار بجٹ کی عدم اجرائی کا بہانہ بناکر ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مختلف اسکیمات کیلئے منظوری کے باوجود رقم جاری نہیں کی گئی جس کے لئے روزانہ سینکڑوں افراد حج ہاؤز پہنچ کر مختلف دفاتر میں اپنے مسائل کی یکسوئی کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر عہدیدار مسائل کی یکسوئی کے بجائے دفتر میں برتھ ڈے پارٹی منائیں تو ظاہر ہے کہ عوام کو حیرت ہوگی۔ حج ہاؤز میں کل کچھ اسی طرح کا واقعہ پیش آیا اور اقلیتی فینانس کارپوریشن میں ایک عہدیدار کی برتھ ڈے پارٹی منائی گئی جس میں اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ کارپوریشن کی مختلف اسکیمات کے سلسلہ میں معلومات حاصل کرنے کیلئے طلبہ اور ان کے سرپرست یہ دیکھ کر حیرت میں پڑگئے کہ یہ دفتر میں پارٹی چل رہی ہے۔ عوام کو عہدیداروں سے ملاقات سے یہ کہتے ہوئے روک دیا گیا کہ ایک عہدیدار کی برتھ ڈے ہے، لہذا کل آئیں۔ بتایا جاتاہے کہ اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں نہ صرف کیک کاٹا گیا بلکہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ماتحت اسٹاف کی ضیافت کی گئی۔ اسکالرشپ ، فیس بازادائیگی ، آٹو رکشا اسکیم اور ٹریننگ ایمپلائیمنٹ جیسی اسکیمات کے بارے میں امیدوار بڑی تعداد میں حج ہاؤز میں مو جود تھے اور انہیں پارٹی کی اطلاع ملنے پر حیرت ہوئی۔ واضح رہے کہ مختلف اسکیمات کیلئے امیدواروں کے انتخاب کے باوجود رقم جاری نہیں کی گئی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی اسکیم کے گزشتہ دو سال کے منظورہ درخواستوں کی تاحال یکسوئی نہیں کی گئی۔ ایسے میں مسائل کی یکسوئی کے بجائے عہدیداروں کا دفتر میں برتھ ڈے پارٹی کرنا یقیناً باعث حیرت اور عوام کیلئے مایوسی میں اضافہ کا سبب رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پارٹی میں دیگر اقلیتی اداروں کے ملازمین کو بھی مدعو کیا گیا تھا جبکہ بعض مخصوص عہدیدار ہی پارٹی میں مدعو تھے۔

TOPPOPULARRECENT