Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود مقننہ کمیٹی تلنگانہ کا دورہ دہلی و اجمیر ملتوی

اقلیتی بہبود مقننہ کمیٹی تلنگانہ کا دورہ دہلی و اجمیر ملتوی

یوم آزادی تقاریب کے بعد قطعیت دینے پر توجہ ، آئندہ ہفتہ نئی تاریخ پر غور
حیدرآباد ۔ 8۔ اگست (سیاست  نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کی مقننہ کمیٹی کا مجوزہ دورہ دہلی و اجمیر ملتوی ہوچکا ہے۔ کمیٹی نے 9 اور 10 اگست کو اجمیر کے دورہ کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم ارکان نے پروگرام کو ملتوی کرنے کی سفارش کی تاکہ یوم آزادی تقاریب کے بعد دورہ کو قطعیت دی جاسکے۔ کمیٹی کے صدرنشین رکن اسمبلی عامر شکیل توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ دیگر ارکان سے مشاورت کے بعد نئی تاریخوں کو قطعیت دیں گے۔ اقلیتی بہبود کمیٹی نئی دہلی میں ہمدرد یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے سیول سرویسز کوچنگ کا جائزہ لے گی اور حیدرآباد میں ہمدرد یونیورسٹی کی اعانت سے کوچنگ کے انعقاد کی تجویز ہے۔ اجمیر کے دورہ کے موقع پر حیدرآبادی رباط کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت نے راجستھان حکومت سے موزوں مقام پر اراضی الاٹ کرنے کی درخواست کی ہے اور رباط کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ درگاہ شریف کے قریبی علاقہ میں اراضی کی عدم دستیابی کے سبب یہ مسئلہ زیر التواء ہے۔ مقننہ کمیٹی حکومت راجستھان کے عہدیداروں کے ساتھ نئے مقام پر اراضی کے تعین کی بات چیت کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 اگست سے تلنگانہ عازمین حج کی روانگی کے آغاز کو دیکھتے ہوئے بعض ارکان نے پروگرام ملتوی کرنے کی سفارش کی تاکہ حج کیمپ کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکے۔ نئی دہلی میں یوم آزادی کے موقع پر سیکوریٹی انتظامات کو دیکھتے ہوئے بھی پروگرام کو ملتوی کردیا گیا۔کمیٹی کے صدرنشین عامر شکیل دیگر ارکان سے مشاورت کے بعد تاریخ کو قطعیت دیں گے۔ یہ دورہ پانچ دن پر مشتمل ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT