Sunday , October 22 2017
Home / ہندوستان / اقلیتی بہبود میں بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل

اقلیتی بہبود میں بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل

ایم جے اکبر کے تبادلہ کی مذمت ، سی پی آئی کی حکمت عملی ، سید عزیز پاشاہ کا بیان
حیدرآباد۔ 9۔ مارچ (سیاست نیوز) سی پی آئی کے سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے اقلیتی بہبود میں جاری بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل تیار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر کے تبادلہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بدعنوان عہدیدار اور وقف مافیا کا اقلیتی بہبود پر کنٹرول ہوچکا ہے اور انہیں اعلیٰ عہدیداروںکی سرپرستی حاصل ہے۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ایم جے ا کبر جیسے دیانتدار اور فرض شناس عہدیدار کا مقامی سیاسی جماعت کے مطالبہ پر تبادلہ کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے غیر مجاز قابضین اور اوقافی اراضی کو فروخت کرنے والے متولیوں نے مقامی جماعت کو استعمال کرتے ہوئے ایم جے اکبر کے خلاف چیف منسٹر سے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اور دیگر اداروں میں کئی بے قاعدگیاں منظر عام پر آئی ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے ایم جے اکبر نے سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کی کوشش کی تھی اور انہوں نے بجٹ کے صحیح استعمال کیلئے عہدیداروں کو پابند کیا۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ مختلف اسکیمات میں جاری بے قاعدگیوں کو ایم جے اکبر نے روکنے کی کوشش کی اور یہ بات بدعنوان عہدیداروں کو پسند نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کو عہدیداروں کے تبادلہ کا حق حاصل ہے

لیکن اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے درکار دیانتدار عہدیدار کا تبادلہ حکومت کے دعویٰ پر شبہات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سیشن سے عین قبل ڈائرکٹر کے تبادلہ سے کئی اسکیمات پر عمل آوری متاثر ہوچکی ہے اور محکمہ میں کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک ، اوورسیز اسکالرشپ جیسی اہم اسکیمات میں جلال الدین اکبر کا اہم رول ہے۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ناجائز قابضین کے خلاف کارروائیوں میں ایم جے ا کبر نے انتہائی دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دیئے لیکن انہیں ایک سازش کے تحت اس ذمہ داری سے سبکدوش کردیا گیا۔ عزیز پاشاہ نے حیرت کا اظہار کیا کہ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اپنے پاس اہم عہدوں کی ذمہ داری کو رکھا ہے اور وقف بورڈ میں مقامی جماعت اور غیر مجاز متولیوں کے حق میں فیصلے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹری اور مقامی جماعت کے مسلسل دباؤ کے تحت موجودہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کو خدمات انجام دینا پڑ رہا ہے۔ عزیز پاشاہ نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایم جے اکبر کو موجودہ عہدہ پر برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پی آئی بہت جلد اقلیتی بہبود کی بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاج منظم کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT