Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود کمیٹی کا آج اجلاس، مسلم تحفظات پر امتحان

اقلیتی بہبود کمیٹی کا آج اجلاس، مسلم تحفظات پر امتحان

حیدرآباد۔/19جولائی، ( سیاست نیوز) اقلیتی بہبود سے متعلق مقننہ کمیٹی کا اجلاس 20جولائی چہارشنبہ کو 11بجے دن اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین عامر شکیل رکن اسمبلی صدارت کریں گے۔ مقننہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد یہ پہلا باقاعدہ اجلاس ہے جس میں اقلیتوں کے مسائل پر مباحث کی توقع ہے۔ اقلیتی بہبود سے متعلق حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی میں صدرنشین کے علاوہ 4 مسلم ارکان ہیں اور اس اجلاس پر مسلمانوں کی نظریں ہیں۔ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات سے متعلق حکومت کے وعدہ کی تکمیل کے سلسلہ میں اجلاس میں مباحث کی توقع کی جارہی ہے اور ایوان کی یہ کمیٹی حکومت کو اس سلسلہ میں سفارشات پیش کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ کمیٹی کے صدرنشین عامر شکیل نے تحفظات کے مسئلہ پر مباحث کو ارکان کی رائے پر منحصر قرار دیا جبکہ 2 ارکان اس مسئلہ کو موضوع بحث بنانے کیلئے آمادہ ہیں۔ اس اعتبار سے اجلاس کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ اگر اجلاس میں مسلم تحفظات کے حق میں قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کی جاتی ہے تو یہ ایوان کی کمیٹی کا تاریخی اقدام ہوگا۔ تحفظات کے مسئلہ پر قرارداد کی منظوری کی توقع اس لئے بھی کی جاسکتی ہے کہ کمیٹی میں مخالف تحفظات ایک بھی رکن نہیں ہے۔ تلگودیشم اور بی جے پی کو اس کمیٹی میں نمائندگی حاصل نہیں، اس طرح مسلمانوں کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے چیف منسٹر کے اس اہم وعدہ کے سلسلہ میں قرارداد کی منظوری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوسکتی۔ کمیٹی میں شامل تمام جماعتیں مسلم تحفظات کے حق میں ہیں تاہم دیکھنا ہے کہ اجلاس میں تحفظات کے مسئلہ پر ارکان کا کیا موقف ہوگا۔ اس اجلاس سے مسلم تحفظات کے حق میں جماعتوں اور ارکان کی سنجیدگی واضح ہوجائے گا۔ مسلمانوں کو توقع ہے کہ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر اور آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمانوں کے وسیع تر مفاد میں مقننہ کمیٹی تحفظات کے مسئلہ پر قرارداد منظور کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT