Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طبقات کو سیول سرویسس کوچنگ کیلئے انٹرنس

اقلیتی طبقات کو سیول سرویسس کوچنگ کیلئے انٹرنس

حیدرآباد 18 ڈسمبر (پریس نوٹ) محکمہ اقلیتی بہبود ، حکومت تلنگانہ کے زیراہتمام مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات

(CEDM) عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے سیول سرویسس امتحان 2017 میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کو حیدرآباد کے معروف کوچنگ انسٹی ٹیوٹس میں مفت کوچنگ فراہم کرنے کی غرض سے امیدواروں کے انتخاب کے لئے 18 ڈسمبر کو حیدرآباد کے علاوہ اضلاع نظام آباد، کریم نگر، محبوب نگر، ورنگل، سنگاریڈی، نلگنڈہ اور نرمل پر اسکریننگ ٹسٹ منعقد کیا گیا۔ حیدرآباد میں 225 رجسٹرڈ امیدواروں کے منجملہ 193 اور اضلاع میں 202 رجسٹرڈ امیدواروں کے منجملہ 174 اس طرح جملہ 367 اقلیتی امیدواروں نے ٹسٹ میں شرکت کی جن میں سے کوچنگ کے لئے 58 امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا اور نتائج کا اعلان 27 ڈسمبر کو کیا جائے گا۔ اس ٹسٹ کے لئے 22 نومبر کو اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اور 13 ڈسمبر تک امیدواروں سے درخواستیں قبول کی گئیں۔ نظام کالج حیدرآباد پر ٹسٹ کے دوران جناب سید عمر جلیل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود اور پروفیسر ایس ۔ اے ۔ شکور ڈائرکٹر CEDM نے امتحان گاہ کا معائنہ کیا۔ واضح باد کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی طبقات کی نہایت کم نمائندگی کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے اقلیتی امیدواروں کی سیول سرویسس امتحان میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے انھیں حیدرآباد کے مشہور و معروف خانگی کوچنگ سنٹرس میں کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جملہ فیس حکومت کی جانب سے ادا کی جائے گی۔ اس سے قبل مارچ 2016 ء میں منعقدہ اسکریننگ ٹسٹ میں کامیاب 62 امیدواروں میں سے 42 امیدواروں نے سال رواں کوچنگ لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس طرح اس سال جملہ 100 اقلیتی امیدواروں کو سیول سرویسس امتحان 2017 ء کے لئے کوچنگ دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT