Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبا کو سیول سرویسیس کوچنگ

اقلیتی طلبا کو سیول سرویسیس کوچنگ

21 جولائی کو منتخب طلبا میں داخلہ لیٹر کی تقسیم
حیدرآباد۔ /15جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کوچنگ کے سلسلہ میں 21جولائی کو ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے ہاتھوں منتخب طلبہ میں ایڈمیشن لیٹرس جاری کئے جائیں گے۔ ان لیٹرس کی بنیاد پر خانگی کوچنگ مراکز میں اقلیتی طلبہ کو داخلہ ملے گا۔ تقریب میں جو نظامیہ کامپلکس گن فاؤنڈری میں 4 بجے شام منعقد ہوگی حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل شرکت کریں گے۔ سنٹر فار ایجوکیشن ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کے ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سیول سرویسیس کوچنگ کے سلسلہ میں اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ ٹاپ 100 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں شہر کے 66 اور اضلاع کے34 امیدوار شامل ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے سیول سرویسیس کوچنگ کیلئے 5 خانگی کوچنگ سنٹرس کا انتخاب کیا ہے جن میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل، آر سی ریڈی، برین ٹری، لاء ایکسلینس اور انالاگ شامل ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق منتخب 100 طلبہ کو اطلاع دے دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ 5 کوچنگ سنٹرس میں اپنی پسند کے سنٹر کا انتخاب کرلیں۔ 21 جولائی کو جاری کئے جانے والے ایڈمیشن لیٹر امیدواروں کی پسند کے ادارے کے مطابق ہی رہیں گے اور 22 جولائی سے کوچنگ کا آغاز ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ماہانہ 5 ہزار اور شہر کے طلبہ کو ماہانہ 2500 روپئے اسٹائیفنڈ دیا جائے گا۔ میٹریل کے حصول کیلئے ایک مرتبہ 2500 روپئے جاری کئے جائیں گے۔ کوچنگ کی مدت 9 ماہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سے منفرد اسکیم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت کوچنگ کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT