Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کو تلنگانہ و آندھرا پردیش حکومتوں سے سیول سرویس کوچنگ

اقلیتی طلبہ کو تلنگانہ و آندھرا پردیش حکومتوں سے سیول سرویس کوچنگ

بضمن کوچنگ اے کے خان کا اجلاس ، سی ای ڈی ایم ڈائرکٹر و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔18 نومبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کے لئے تلنگانہ اور آندھراپردیش دونوں حکومتوں نے سیول سرویسس کی کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ پیر کے دن اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز (سی ای ڈی ایم) دونوں ریاستوں میں اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ اہل امیدواروں کا انتخاب کرے گی اور انہیں ریاست کے نامور کوچنگ سنٹرس میں سیول سرویسس کی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ تلنگانہ میں کوچنگ کی فراہمی کے سلسلہ میں آج ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خان کی نگرانی میں عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور اور دوسرے اجلاس میں شریک تھے۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ جن 40 طلباء نے گزشتہ سال اسکریننگ ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی انہیں بہت جلد ان کی پسند کے اداروں میں داخلہ دیا جائے گا۔ کوچنگ کے لئے جن 4 اداروں کا انتخاب کیا گیا ان کے ساتھ پیرکو اجلاس منعقد کرتے ہوئے فیس کا تعین ہوگا۔ باقی 60 طلباء کا انتخاب اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ کیا جائے گا جو تلنگانہ کے 9 مقامات پر منعقد ہوگا۔ دونوں ریاستوں میں سیول سرویسس کے لئے 100 طلباء کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیر کو آن لائین درخواستوں کی وصولی کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی جس کے بعد اسکریننگ ٹسٹ کی تاریخ اور مقامات کا اعلان کیا جائے گا۔ آندھراپردیش حکومت نے حیدرآباد اسٹیڈی سرکل میں اقلیتی طلباء کو کوچنگ کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ریاستوں جاریہ سال سیول سرویسس کی کوچنگ سے اقلیتی طلبہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیول سرویسس کے لئے منتخب ہوں گے۔ کوچنگ کے تمام اخراجات دونوں حکومتیں برداشت کریں گی۔

TOPPOPULARRECENT