Tuesday , May 23 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ کا معاملہ تعطل کا شکار

اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ کا معاملہ تعطل کا شکار

عہدیداروں کی عدم دلچسپی ، خانگی اداروں سے کوچنگ فیس پر عدم اتفاق کا شاخسانہ
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کی کوچنگ فراہم کرنے کا معاملہ عہدیداروں کی عدم دلچسپی کے باعث تعطل کا شکار ہوچکا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے جو گزشتہ سال سیول سرویسیس کی کوچنگ کی فراہمی میں ناکام رہا اُس نے گزشتہ سال منتخب طلبہ کے ساتھ 2 بیاچس میں جاریہ سال ٹریننگ کا فیصلہ کیا۔ اب جبکہ خانگی کوچنگ سنٹرس میں آئی اے ایس کے بیاچس کا آغاز ہونے کو ہے محکمہ اقلیتی بہبود نے ابھی تک ان اداروں کا انتخاب نہیں کیا جہاں اقلیتی طلبہ کو کوچنگ دی جانی ہے۔ حکومت نے اگرچہ تمام اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عہدیدار فیس میں کمی کی امید کے ساتھ کوچنگ سنٹرس کے ذمہ داروں سے بات چیت کررہے ہیں۔ حالانکہ انہوں  نے واضح کردیا کہ فیس میں کمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 4 کوچنگ سنٹرس کے ذمہ داروں نے علحدہ علحدہ فیس مقرر کی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کو تمام کو یکساں فیس مقرر کرنے میں ناکام رہا۔ اب جبکہ کوچنگ کا آغاز کسی بھی وقت ہوسکتا ہے، محکمہ اقلیتی بہبود نے خانگی اداروں کی مقررہ فیس پر کوچنگ کے آغاز کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جس کے سبب گذشتہ سال اسکریننگ ٹسٹ میں منتخب 43 طلبہ الجھن کا شکار ہیں انہیں اندیشہ ہے کہ اگر عہدیدار فیصلہ کرنے میں تاخیر کریں تو ان کا مزید ایک سال ضائع ہوسکتا ہے۔ جن اداروں نے کوچنگ کی فراہمی سے اتفاق کیا ان میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل، آر سی ریڈی ، برین ٹری اور لاء ایکسلینس شامل ہیں۔ اگر ان اداروں کی فیس پر کوچنگ کا فیصلہ کرلیا جائے تو گزشتہ سال کے 42 طلبہ فوری طور پر داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ دوسرے بیاچ کیلئے تلنگانہ میں درخواستیں طلب کی گئیں اور 350سے زائد طلبہ نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ان طلبہ کیلئے 10مراکز پر 18 ڈسمبر کو اسکریننگ ٹسٹ منعقد ہوگا اور 24 ڈسمبر کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں 4 عہدیداروں کو یہ ذمہ داری دی گئی تھی کہ وہ کوچنگ سنٹرس سے بات چیت کرکے فیس کا تعین کریں۔بتایا جاتا ہے کہ اپنے متعلقہ محکمہ جات کی مصروفیات کے سبب عہدیدار سیول سرویسیس کوچنگ پر توجہ دینے سے قاصر ہیں۔ اگر کوچنگ کے آغاز میں تاخیر ہوتی ہے تب بھی بہتر نتائج کی امید نہیں کی جاسکتی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT