Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کو مختلف پیشہ وارانہ کورسیس کی تربیت کا اعلان

اقلیتی طلبہ کو مختلف پیشہ وارانہ کورسیس کی تربیت کا اعلان

اقلیتی کارپوریشن کے ذریعہ قومی اداروں سے تربیت ، منیجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن نے قومی سطح کے اداروں میں اقلیتی طلبہ کو مختلف پیشہ وارانہ کورسس میں ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے 5 مختلف اداروں میں ٹریننگ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اقلیتی نوجوان پیشہ ورانہ کورسس میں مہارت حاصل کرتے ہوئے معاشی طور پر خود مکتفی بن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں میں ٹریننگ پروگراموں کے سلسلہ میں شعور بیدار کیلئے بہت جلد شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ ٹریننگ کورسس سے بہتر استفادہ کیلئے مختلف رضارکارانہ تنظیموں اور عوامی نمائندوں سے تعاون حاصل کرتے ہوئے شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ شفیع اللہ نے کہا کہ تلنگانہ اکیڈیمی آف اسکیل اینڈ نالج میں فنیشنگ اسکول اور الیکٹرانک سسٹم ڈیزائین اینڈ مینوفیکچرنگ کورسس میں تین ماہ کی تربیت کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پہلے کورس میں بی ٹیک اور دوسرے میں پالی ٹیکنک یا ایس ایس سی سرٹیفکٹس کے حامل طلبہ شرکت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد اکیڈیمی نے مختلف معیاری اداروں میں روزگار کی فراہمی کا بھی تیقن دیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے بتایا کہ نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن میں 4 مختلف کورسس میں ٹریننگ جاری ہے جس میں تقریباً 200 طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ کارپوریشن نے 14 مختلف کورسس میں ٹریننگ کا منصوبہ بنایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں میں مختلف کورسس کے بارے میں ہنر پیدا کرتے ہوئے خود روزگار بنانے کے سلسلہ میں شعور کی کمی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ فینانس کارپوریشن کے ان ٹریننگ پروگراموں سے اقلیتی طلبہ زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سطح کے اداروں میں ٹریننگ کے انعقاد کا مقصد اقلیتوں کو خانگی شعبہ میں روزگار کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ گچی باؤلی ، الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا ECIL ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائیزس یوسف گوڑہ میں مختلف کورسس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ درخواستوں کے حصول کیلئے حج ہاؤز کے گراؤنڈ فلور پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا۔ ٹریننگ کیلئے مختلف طلبہ کو ماہانہ 350 روپئے اسٹیفن ادا کیا جائے گا۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 16 نومبر سے ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT