Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کو پیشہ وارانہ کورسیس کی ٹریننگ ، 12 کروڑ مختص

اقلیتی طلبہ کو پیشہ وارانہ کورسیس کی ٹریننگ ، 12 کروڑ مختص

تلنگانہ کے تمام اضلاع میں درخواستوں کی طلب ، سکریٹری اقلیتی بہبود کا ایکشن پلان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کو حکومت نے جاریہ مالیاتی سال ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کیلئے 12 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ اس بجٹ کے ذریعہ کارپوریشن ریاست بھر میں اقلیتی طلبہ کو مختلف پیشہ ورانہ کورسس کی ٹریننگ فراہم کرے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو اس سلسلہ میں ایکشن پلان روانہ کیا ہے جس کے تحت ٹریننگ کیلئے اداروں کا انتخاب کیا جائے گا اور ہر ضلع میں طلبہ سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ حکومت نے ٹریننگ ایمپلائیمنٹ اسکیم کیلئے 2015-16 میں 23 کروڑ 12 لاکھ روپئے مختص کئے تھے جبکہ 8 کروڑ 70 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ کارپوریشن نے 12,225 اقلیتی امیدواروں کو مختلف کورسس میں ٹریننگ فراہم کی جس کیلئے مکمل بجٹ خرچ کیا گیا۔ 2016-17 ء میں 10 کروڑ 52 لاکھ بجٹ میں مختص کئے گئے لیکن صرف 4 کروڑ 58 لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میں آئی ۔ کارپوریشن نے اس رقم سے 6210 اقلیتی امیدواروں کو ٹریننگ فراہم کی ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے 10 مختلف ٹریننگ سنٹرس میں پیشہ ورانہ کورسس کی ٹریننگ کیلئے درخواستیں طلب کی تھی۔ 3 اگست تک صرف 421 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ درخواستیں گریٹر حیدرآباد کے حدود سے داخل کی گئی ہیں۔ کارپوریشن کے دفتر حج ہاؤز میں 211 اور ٹریننگ سنٹرس میں 210 درخواستیں داخل کی گئیں۔ کارپوریشن نے ٹریننگ کے آغاز کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درخواستوں کی تعداد میں مزید اضافہ کے بعد ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ اپولو میڈیکل اسکلس، بھارتی ودیالیہ کالج آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ، کمیونٹی ٹکنیکل ایجوکیشن ٹرسٹ ، ڈفو ڈلس بیوٹی سیلون اینڈ کالج فار ویمنس بیوٹیشن ، الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا ، انسٹی ٹیوٹ آف پرفیکٹ سیفٹی اینڈ سرویلینس سیکوریٹی سسٹم ، تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ، اویسی ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر ، سٹ ون اور سالار ملت ایجوکیشنل ٹرسٹ جیسے اداروں میں ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ جن کورسس میں ٹریننگ دی جائے گی ان میں ڈینٹل اسسٹنٹ، ڈائیٹ اسسٹنٹ، کارپوریٹ میڈیکل اسسٹنٹ ، بیوٹیشن ، ہارڈویر اینڈ نیٹ ورکنگ ، ویب ڈیزائننگ ، ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ ، سائبر سیکوریٹی ، سی سی ٹی وی فائر الارم سسٹم ، لائیٹ موٹر وہیکل ڈرائیونگ ، ہیوی موٹر وہیکل ڈرائیونگ ، ڈائلاسس ٹیکنیشن ، ای سی جی ٹیکنیشن ، سی ٹی اسکیان اسسٹنٹ، ایم آر آئی ٹیکنیشن ، سرجیکل اسسٹنٹ ، ایکسرے اسسٹنٹ ، الٹرا ساؤنڈ اسسٹنٹ ، کمپیوٹر ایرلائین ٹیکٹنگ ، الیکٹریشن ڈیزل میکانک ، گرافک ڈیزائننگ ، آٹو الیکٹریشن ، ٹیلرنگ ، ایمبرائیڈری ، فیشن ڈیزائننگ ، مہندی ڈیزائننگ ، کارچوپ ، اسپوکن انگلش اور کمپیوٹر ایجوکیشن جیسے کورسس شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT