Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم

اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم

کل درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ
مزید توسیع نہیں ہوگی‘ اندرون ایک ہفتہ جانچ ‘سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 اکتوبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم سے استفادہ کیلئے آن لائین درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 12 اکتوبر مقرر ہے جس میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے 12 اکتوبر کی شام 5 بجے تک اپنی درخواستیں داخل کردیں اور محکمہ اقلیتی بہبود اندرون ایک ہفتہ درخواستوں کی جانچ اور منظوری کا کام مکمل کرلے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک جملہ 340 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں حیدرآباد کے طلبہ کی تعداد 259 ہے۔ باقی کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال صرف 97 طلبہ نے اپنے اسنادات کی ہاٹ کاپی داخل کی ہے ۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اسنادات کی ہاٹ کاپیاں داخل کردیں تاکہ درخواستوں کی جانچ اور منظوری میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ 20 تا 25 اکتوبر کے درمیان تمام درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیا جائے گا اور منتخب طلبہ کی فہرست جاری کردی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ 60 فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ کے مستحق ہیں۔ تاہم طلبہ کے انتخاب کے سلسلہ میں زائد نشانات والے امیدوار اولین ترجیح ہوں گے ۔ داخل کی گئی درخواستوں میں امیدواروں کا انتخاب بہتر نشانات کی بنیاد پر ہوگا۔ سب سے زائد نشانات رکھنے والے امیدوار کو سرفہرست رکھتے ہوئے اس سے کم نشانات والوں کی فہرست تیار کی جائے گی ۔ اسکیم کیلئے حکومت نے جو بجٹ مختص کیا ہے، اس کے مطابق ہی طلبہ کا انتخاب ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ 140 طلبہ کو اسکیم سے استفادہ کیلئے منتخب کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت اسکالرشپ کی رقم کو بڑھاکر 20 لاکھ روپئے کردیا ہے جو دو اقساط میں ادا کی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے وضاحت کی کہ طلبہ کو Gap سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے پولیس سے رجوع ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے بلکہ متعلقہ ایم آر او سے یہ سرٹیفکٹ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ ایسے طلبہ جنہوں نے ڈگری کی تکمیل کرلی اور دو تین سال کے وقفہ کے بعد اسکیم کیلئے درخواست داخل کر رہے ہیں ، انہیں یہ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہے ۔ عمر جلیل نے کہا کہ متعلقہ ایم آر او اگر اس سلسلہ میں پولیس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیں تو طلبہ کو چاہئے کہ وہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر سے رجوع ہوں۔ عمر جلیل نے تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ کسی دشواری کے بغیر طلبہ کو گیاپ سرٹیفکٹ کے حصول میں مدد کریں۔

TOPPOPULARRECENT