Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی فلاحی اسکیمات کیلئے تلنگانہ کو زائد بجٹ دینے مرکز سے اپیل

اقلیتی فلاحی اسکیمات کیلئے تلنگانہ کو زائد بجٹ دینے مرکز سے اپیل

تلنگانہ اقلیتی بہبود میں سرفہرست ، نئی دہلی میں اقلیتی کانفرنس ، جناب محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/5اپریل، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اقلیتوں سے متعلق فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ کو بجٹ کا زائد حصہ مختص کریں کیونکہ تلنگانہ حکومت ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ اقلیتی بہبود کے معاملہ میں سرفہرست ہے۔ نئی دہلی میں آج منعقدہ وزرائے اقلیتی بہبود اور سکریٹریز اقلیتی بہبود کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد محمود علی نے مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپت اللہ کو تلنگانہ کیلئے درکار اضافی فنڈز کے بارے میں واقف کرایا۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نے کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتوں کو چھوٹے کاروبار اور مختلف پیشوں کی ٹریننگ سے متعلق اسکیم میں تلنگانہ کو خصوصی فنڈز کی اجرائی کی خواہش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں کئی ایسے فن اور پیشے ہیں جن پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیدری صنعت، چوڑیوں کے گوٹ اور کارچوب جیسے فن کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے عنقریب عہدیداروں کی ٹیم حیدرآباد کا دورہ کرے گی جو مختلف فنون کی تربیت کا فیصلہ کرے گی۔ اس تربیت کے دوران حکومت کی جانب سے ماہانہ اسٹائیفنڈ دیا جاتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتی بہبود میں کافی سنجیدہ ہیں اور جاریہ سال بجٹ میں 1204کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کی ترقی اور بجٹ کے سلسلہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ محمد محمود علی نے شہر کی دو اوقافی جائیدادوں کی مرکزی فنڈ سے ترقی کی تجویز پیش کی اور ان جائیدادوں کی تفصیلات اور پلان مرکزی وزیر کے حوالہ کیا۔ انہوں نے اقامتی اسکولس کی اسکیم میں مرکزی وزارت اقلیتی اُمور سے تعاون کی خواہش کی۔ مرکز میں اقلیتی بہبود کیلئے 3800کروڑ کے بجٹ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ 25کروڑ اقلیتوں اور 29ریاستوں کیلئے یہ بجٹ انتہائی ناکافی ہے اسے کم سے کم 25000 کروڑ کیا جانا چاہیئے۔ تلنگانہ میں اقلیتوں کی آبادی 45لاکھ ہے لیکن بجٹ 1204کروڑ مختص کیا گیا۔ انہوں نے اوورسیز اسکالر شپ، شادی مبارک، بینکوں سے قرض، فیس بازادائیگی اور اسکالر شپ جیسی اسکیمات کی تفصیل بیان کی۔ انہوں نے مرکز کی پری میٹرک اسکالر شپ کے نشانہ میں اضافہ کا تجویز پیش کی تاکہ تمام درخواست گذاروں کو اسکالر شپ حاصل ہوسکے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مرکزی اسکالر شپ سے بچ جانے والی تمام درخواستوں کو ریاستی حکومت سے اسکالر شپ جاری کرنے کا تیقن دیا ہے۔ محمد محمود علی نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے حج کوٹہ میں اضافہ کی اپیل کی اور کہا کہ تلنگانہ میں ہزاروں درخواست گذاروں کو مایوسی ہوئی۔ کانفرنس کے موقع پر مختلف ریاستوں کے وزراء اور عہدیداروں نے ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں جاری فلاحی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی۔ کئی ریاستوں کے وزراء نے تلنگانہ کا دورہ کرنے  کا ارادہ ظاہر کیا تاکہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی اور اسکیمات سے واقفیت حاصل کی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT