اقلیتی فینانس کارپوریشن سے سبسیڈی اسکیم کے چیکس کی اجرائی

,

   

مختلف کورسس کے سرٹیفکیٹس کی تقسیم، صدرنشین اکبر حسین کی تقریر
حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے منتخب امیدواروں میں چیکس کی تقسیم عمل میں آئی اس کے علاوہ مختلف پیشہ ورانہ کورسس میں ٹریننگ کی تکمیل کے بعد خاتون امیدواروں میں سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین اور منیجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن اے ایچ این کانتی ویزلی نے چیکس اور سرٹیفکیٹس حوالے کئے۔ حیدرآباد ضلع کے 26 امیدواروں میں 80 ہزار روپئے سبسیڈی کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم نے بتایا کہ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے لیے 645 درخواستوں کی سفارش کی گئی تھی جن میں سے 105 کی منظوری دی گئی۔ پہلے مرحلہ میں 26 جنوری کو چیکس کی تقسیم عمل میں آئی اور آج دوسرے مرحلے کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ 62 کے منجملہ تاحال 45 امیدواروں میں چیکس جاری کئے گئے۔ ایک لاکھ روپئے تک سبسیڈی کی اسکیم کے تحت 20 ہزار روپئے درخواست گزار کا حصہ ہے جبکہ 80 ہزار روپئے حکومت بطور سبسیڈی جاری کرتی ہے۔ 50 ہزار روپئے تک کی رقم بینکوں سے مربوط کئے بغیر راست طور پر امیدواروں کو جاری کرنے کی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت بیوٹیشن، ایمبرائڈری اور دیگر کورسس میں تین ماہ کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مختلف اداروں کے اشتراک سے تین ماہ تک خواتین کو ٹریننگ دی گئی اور آج 100 امیدواروں میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اکبر حسین نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں اقلیتوں کی معاشی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبسیڈی حاصل کرنے والے نوجوان تجارت کے ذریعہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے اور خاندان کی کفالت کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں سلائی مشن مفت تقسیم کئے گئے ہیں۔ سبسیڈی اسکیم کے لیے منتخب امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اکبر حسین نے بتایا کہ کاروں کی تقسیم کی اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ 300 ماروتی سویفٹ کاروں کے لیے تقریباً 20 ہزار درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کا انتخاب لکی ڈرا یا پھر حکومت کی جانب سے طے کردہ طریقہ کار سے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فقیروں کے لیے مفت ٹی وی ایس موپیڈ گاڑیوں کی تقسیم کی تجویز زیر غور ہے۔