Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی نوجوانوں کو تعلیم سے وابستہ کرنے مہم

اقلیتی نوجوانوں کو تعلیم سے وابستہ کرنے مہم

سٹی پولیس کے تعاون سے کوچنگ کا انتظام ، 20 لاکھ جاری
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر حیدرآباد کے اقلیتی نوجوانوں کو دوبارہ تعلیم سے وابستہ کرنے کیلئے سٹی پولیس کے تعاون سے ایس ایس سی امتحان کی کوچنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اقلیتی فینانس کارپوریشن سے تقریباً 20لاکھ روپئے سٹی پولیس کو جاری کئے گئے تاکہ پرانے شہر کے مختلف مقامات پر ایس ایس سی کے اہم مضامین جیسے سائنس، میاتھس، تلگو اور انگلش کی کوچنگ فراہم کی جاسکے۔ پرانے شہر میں نوجوانوں کو برائیوں اور غیرسماجی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے پولیس نے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود کو تجویز پیش کی گئی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز میں تعاون کریں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد اور اقلیتی کمشنر پولیس ساؤتھ زون نے اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سے تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانے شہر کے زیادہ تر نوجوان جو مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہیں وہ ایس ایس سی ڈراپ آؤٹ ہیں۔ ایس ایس سی میں ناکامی کے بعد وہ تعلیم ترک کررہے ہیں اور مختلف برائیوں کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ اگر ان نوجوانوں کو دوبارہ تعلیم سے وابستہ کیا جائے تو نئی نسل کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ فنڈنگ کا تیقن دیا ۔ پرانے شہر میں موجود کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ پولیس اور محکمہ اقلیتی بہبود کی اس مشترکہ مساعی سے امید کی جارہی ہے کہ پرانے شہر کے بیروزگار نوجوان دوبارہ تعلیم سے وابستہ ہوجائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT