Friday , August 18 2017
Home / عرب دنیا / اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن امن مذاکرات کا آغاز

اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن امن مذاکرات کا آغاز

کویت سٹی ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ کویت میں یمن امن مذاکرات شروع ہورہے ہیں۔یمن کی حوثی ملیشیا اور اس کے اتحادیوں نے تاخیر کا شکار ان مذاکرات میں شرکت سے اتفاق کیا ہے جبکہ یمنی فورسز نے جنگ بندی کی پاسداری کی یقین دہانی کرادی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفین دوجارک نے کہا کہ ‘یمن امن مذاکرات کل کویت میں اقوام متحدہ کی سرپرستی اور نگرانی میں شروع ہوں گے۔ حوثی ملیشیا کا وفد چہارشنبہ کو ان مذاکرات میں شرکت کیلئے صنعا سے روانہ ہوا تھا۔اس کا کہنا تھا کہ انھیں جنگ بندی کی پاسداری کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔ حوثی باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے نمائندے صنعا کے ہوائی اڈے سے اومان کے ایک طیارے پر سوار ہوئے تھے۔اس طیارے نے مسقط سے ہوتے ہوئے کویت جانا تھا۔ اقوام متحدہ کی ثالثی میں کویت میں گذشتہ پیر کو یمن امن مذاکرات کا آغاز ہونا تھا لیکن ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی ان میں حصہ لینے کے لیے صنعا ہی سے روانہ نہیں ہوئے تھے۔ ادھر الریاض میں خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کویت میں بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ان امن مذاکرات میں شرکت کے لیے یمن کا سرکاری وفد اختتام ہفتہ پر کویت پہنچا تھا۔اس نے گذشتہ روز دھمکی دی تھی کہ اگر جمعرات کی صبح مذاکرات شروع نہ ہوئے تو وہ واپس چلے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT